بے شمار افیئرز کیے، معلوم نہیں کہ ان خواتین سے کتنے بچے ہیں: پیلے

اپنی بیویوں اور گرل فرینڈز کو بتا دیا تھا کہ میں بھروسے کے قابل نہیں ہوں: لیجنڈری برازیلین فٹبالر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 19 فروری 2021 13:13

بے شمار افیئرز کیے، معلوم نہیں کہ ان خواتین سے کتنے بچے ہیں: پیلے
سائوپالو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 فروری 2021ء ) برازیل کے لیجنڈری فٹبالر پیلے نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے خواتین کے ساتھ بے شمار افئیرز رکھے اور وہ خود بھی نہیں جانتے کہ ان خواتین سے ان کے کتنے بچے ہیں۔ خود پر بننے والی ایک حالیہ دستاویزی فلم میں پیلے نے اپنے زمانہ عروج میں ہونے والے معاشقوں کا بھی اعتراف کیا۔ 3 شادیاں کرنیوالے 80 سالہ پیلے نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اپنی بیویوں اور گرل فرینڈز کو بتا دیا تھا کہ وہ بھروسے کے قابل نہیں ہیں ۔

پیلے نے بتایا کہ ان کے زندگی میں بے شمار افیئرز رہے جن میں بعض میں ان کے بچے بھی ہوئے جن کے متعلق انہیں بعد میں پتہ چلا، جب کہ بہت سوں کے بارے میں وہ خود بھی نہیں جانتے ہیں ۔ خیال رہے کہ پیلے کے 7 بچوں کے بارے میں سب کو معلوم ہے جن میں سے ایک بیٹی کو انہوں نے عدالت کی جانب سے ان کی بیٹی قرار دینے کے باجود آج تک تسلیم نہیں کیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ میری پہلی گرل فرینڈ اور پہلی بیوی کو ان افیئرز کے بارے میں سب معلوم ہے، انہوں نے اس سے کبھی اس بارے میں جھوٹ نہیں بولا۔

واضح رہےکہ پیلے وہ واحد کھلاڑی ہیں جن کی سربراہی میں برازیل نے 1958ء ، 1962ء اور 1970ء میں 3 ورلڈ کپ جیتے ، اس کے علاوہ انھوں نے اپنے کلب اور ملک کے لیے 1363 میچز میں 1281 گول سکور کر کے عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا تھا۔ 1961ء میں اس وقت کے برازیلی صدر جینیو کوڈروس نے ایک فرمان جاری کرکے پیلے کو ’قومی خزانہ‘ قرار دیا گیا تھا جسے باہر نہیں بھیجا جاسکتا تھا اور ان پر غیر ملکی کلب کی نمائندگی کرنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔
وقت اشاعت : 19/02/2021 - 13:13:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :