ملعونہ تسلیمہ نسرین کے متنازع کمنٹس، انگلش کرکٹرز معین علی کی حمایت میں سامنے آگئے

جوفرا آرچر، ثاقب محمود اور بین ڈکٹ نے ٹویٹ کی مذمت کرتے ہوئے ٹویٹر سے ان کا اکاؤنٹ ہی بند کرنے کا مطالبہ کردیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 7 اپریل 2021 11:40

ملعونہ تسلیمہ نسرین کے متنازع کمنٹس، انگلش کرکٹرز معین علی کی حمایت میں سامنے آگئے
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 اپریل 2021ء ) ملعونہ بنگلادیشی رائٹر تسلیمہ نسرین کے نامناسب کمنٹس پر انگلش کرکٹرز معین علی کی حمایت میں سامنے آگئے۔ آل راؤنڈر معین علی کی جانب سے اپنی آئی پی ایل فرنچائز چنائی سپر کنگز کی شرٹ سے شراب ساز کمپنی کا لوگو ہٹانے کی درخواست کے بارے میں رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے تسلیمہ نے ٹویٹ کیا کہ ’اگر معین علی کرکٹ نہ کھیل رہے ہوں تو شام جاکر داعش کو جوائن کرچکے ہوتے‘۔

تسلیمہ کے ٹویٹ کا سکرین شاٹ
تسلیمہ کے ٹویٹ کا سکرین شاٹ
ان کے اس کمنٹ کی جوفرا آرچر، ثاقب محمود اور بین ڈکٹ نے مذمت کرتے ہوئے ٹویٹر سے ان کا اکاؤنٹ ہی بند کرنے کا مطالبہ کردیا۔ جوفرا آرچر نے اپنی ٹویٹ میں تسلیمہ نسرین کو مخاطب کرکے لکھا ’آپ ٹھیک ہیں ، مجھے نہیں لگتا ایسا ہے‘۔
ثاقب محمود نے لکھا کہ ’یہ ناقابل یقین بیان ہے‘۔

(جاری ہے)

بین ڈکٹ نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’اس ویب سائٹ کا مسئلہ ہی یہ ہے کہ یہاں کوئی بھی کچھ بھی کہہ دیتا ہے، چیزیں تبدیل ہونی چاہیے اس اکاؤنٹ کو رپورٹ کیا جانا چاہیے‘۔
انورادھا نامی ایک صارف نے کہا کہ ’ایک عملی مسلمان دہشت گرد کیسے ہوسکتا ہے، جناب کسی انسان کو صرف اس لیے دہشت گرد قرار دینا کہ وہ اپنے ایمان کا اظہار کرے، انہوں نے کسی اور کو اپنے راستے پرچلنے کیلئے مجبور نہیں کیا‘۔

شریاس شرما نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’بہت ہی افسوس ناک بیان دیا ہے آپ نے، صرف اس لیے کہ معین علی ایک عمل مسلمان ہیں آپ نے انہیں دہشت گرد قرار دیدیا ہے، یہ کوئی مذاق نہیں ہے‘۔
واضح رہے کہ چنائی سپرکنگز انتظامیہ معین علی کی جانب سے کسی درخواست کی بات کو غلط قرار دے چکی ہے۔
وقت اشاعت : 07/04/2021 - 11:40:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :