دوسرا ٹی ٹونٹی، جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا

مارکرم کی نصف سنچری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 12 اپریل 2021 20:26

دوسرا ٹی ٹونٹی، جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا
جوہانسبرگ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12اپریل 2021ء ) 4 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے ہرا کر سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے ۔ 141 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی جانب سے ایڈن مارکرم اور جانے من ملان نے اننگز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ ملان 15 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جسکے بعد وہان لوبے بیٹنگ کے لیے آئے اور 12 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر واپس پویلین لوٹ گئے۔

ایڈن مارکرم نےجارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اورنصف سنچری مکمل کی ،وہ 30 گیندوں پر 54 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ وان بلجوئن 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے تاہم کپتان ہینرک کلاسن نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔ کلاسن 36 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جب کہ جارج لنڈے 20 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کی جانب سے عثمان قادر نے 2، حسن علی اور محمد حسنین نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل جوہانسبرگ میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے باؤلنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم کی جانب سے محمد رضوان کے ساتھ شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن پچھلے میچ کے ہیرو رضوان پہلی ہی گیند پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، شرجیل خان کی اننگز بھی صرف 8 رنز تک محدود رہی۔10 رنز پر دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان بابراعظم کا ساتھ دینے تجربہ کار محمد حفیظ آئے اور دونوں نے 58 رنز کی شراکت قائم کرکے ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنیکی کوشش کی۔

جارحانہ کھیل کی کوشش میں حفیظ 6 چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنا کر چلتے بنے۔ حیدر علی کی اننگز 12 رنز پر محیط تھی، فہیم اشرف بھی5 رنز بنا سکے۔ بابر اعظم نے نصف سنچری مکمل کی لیکن پوری اننگز کے دوران وہ جدوجہد کرتے نظر آئے اور بالآخر 50 گیندوں پر 50 رنز بنا کرپویلین لوٹ گئے۔ حسن علی نے لگاتار دو چھکے لگائے لیکن تیسری کوشش میں باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے۔

پاکستان نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے لیزاد ولیمز اور لنڈے نے تین، تین جبکہ تبریز شمسی اور سیسانڈا مگالا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں اور فخر زمان اور حارث رؤف کی جگہ شرجیل خان اور محمد حسنین کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ کے مطابق فخر زمان الرجی کا شکار ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے ان کی جگہ شرجیل خان کو آج کے میچ میں موقع فراہم کیا گیا۔

جنوبی افریقہ نے گزشتہ میچ میں شکست کے باوجود اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ پاکستانی ٹیم میں بابراعظم(کپتان)، شرجیل خان، حیدر علی، محمد رضوان، محمد حفیظ، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، عثمان قادر اور محمد حسنین شامل ہیں جب کہ جنوبی افریقی ٹیم ہنری کلاسن(کپتان)، جینمن ملان، ایڈن مرکرم، پیٹ وین بلجوئن، ویہان لوبے، جیارج لنڈے، ایندائل فلکوایو، سیسانڈا مگالا، بیورن ہینڈرکس، لیزاڈ ولیمز اور تبریز شمسی پر مشتمل ہے۔
وقت اشاعت : 12/04/2021 - 20:26:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :