انضمام الحق بابراعظم کی بیٹنگ صلاحیتوں سے متاثر

قومی کپتان نے بہت جلد خود کو ورلڈ کلاس ثابت کیا ، کئی ریکارڈز توڑ سکتے ہیں: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 19 اپریل 2021 14:04

انضمام الحق بابراعظم کی بیٹنگ صلاحیتوں سے متاثر
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19اپریل 2021ء ) قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے سٹار بلے باز بابراعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کرکٹ کیریئر کے اگلے مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔ بیٹنگ لیجنڈ نے خیال ظاہر کیا کہ بابراعظم مستقبل میں تمام ریکارڈ توڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اپنے آفیشل یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے 51 سالہ انضمام الحق کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بابراعظم ایک عمدہ کھلاڑی ہیں۔

ٹی ٹونٹی سیریز کے دوران جس طرح سے وہ کھیلے اس سے واضح ہوگیا ہے کہ وہ اپنے کیریئر کے اگلے موڑ پر پہنچ چکےہیں، اب انہیں سب ریکارڈز توڑنے چاہیئیں۔ انضمام الحق نے کہا کہ اگر آپ بابراعظم کی چوتھے ٹی ٹونٹی میں اننگز دیکھیں تو انہوں نے فخر زمان کے ساتھ شراکت قائم کرکے پختگی کا مظاہرہ کیا ، انہوں نے خود رنز سکور کرنے کی بجائے فخر کو کھیلنے کا موقع دیا جو بائولرز کی دھلائی کررہا تھا، اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اب اپنے کیریئر کے اگلے مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں کیونکہ جس سمجھداری کے ساتھ انہوں نے ٹیم کیلئے کھیل پیش کیا اور ساتھی کھلاڑیوں کو پوری اہمیت دی یہ چیز ایک اچھے کپتان کی نشان دہی کرتی ہے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف چار میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز میں 1-3 سے کامیابی حاصل کی اور بابراعظم کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔             
وقت اشاعت : 19/04/2021 - 14:04:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :