جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں کامیابی سے قومی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ،جیت کے تسلسل کو بر قرار رکھنے کی کوشش کرینگے‘ مصباح الحق

کسی بڑی ٹیم کو اسی کی سرزمین پر شکست دینے سے مورال بلند ہوتا ہے، زمبابوے جیسی ٹیموں کیخلاف کارکردگی کا زیادہ دبا ئو ہوتا ہے

منگل 20 اپریل 2021 17:40

جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں کامیابی سے قومی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ،جیت کے تسلسل کو بر قرار رکھنے کی کوشش کرینگے‘ مصباح الحق
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2021ء) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں کامیابی سے قومی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ، کسی بھی بڑی ٹیم کو اسی کی سرزمین پر شکست دینے سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوتا ہے، زمبابوے جیسی ٹیموں کیخلاف کارکردگی کا زیادہ دبا ئو اورلوگوں کی توقعات زیادہ ہوتی ہیں، زمبابوے کے پاس کھونے کو کچھ نہیں،میزبان ٹیم اپنی کنڈیشنز سے آگاہ اور موقع کی تلاش میں ہوگی۔

گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زمبابوے کے خلاف جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے ، کھلاڑیوں کو پتہ ہے کہ ذرا سی غلطی ہمارے لئے نقصان دہ ہوسکتی ہے، زمبابوے کی کنڈیشنز جنوبی افریقہ سے مختلف اور پاکستان سے ملتی جلتی ہوں گی مگر بائونس ہوم پچز سے تھوڑا زیادہ ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جن کھلاڑیوں نے کارکردگی دکھائی ہے ان کے لئے عمدہ کھیل کا مظاہرہ جاری رکھنے جبکہ نئے لڑکوں کے لئے کچھ کر دکھانے کا بہترین موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ میچ جیتنا سب سے اہم ہے کیونکہ ہارجائیں تو لوگ باتیں کرتے ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ یکدم ساری تبدیلیاں نہیں کرسکتے، روٹیشن پالیسی بنائیں گے،نئے لڑکوں کو مواقع تو دیں گے مگرمتوازن کمبی نیشن بھی بنانا اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی کے ورک لوڈ کی فکر نہ کی جائے کیونکہ ہماری گہری نظر ہے اسے جہاں ضرورت ہو گی آرام دیں گے ۔ ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹیم میں کئی نئے کھلاڑی شامل ہیں، ان کو مواقع دے کر مستقبل کے لئے تیار کیا جاسکتا ہے ، پی ایس ایل میں کارکردگی دکھانے والوں میں سے بھی کسی کی ضرورت ہوئی تو اسے ضرو رزیر غو رلائیں گے ، ایک یا دو تو ضرور ٹیم میں آئیں گے۔
وقت اشاعت : 20/04/2021 - 17:40:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :