ٹی ٹونٹی رینکنگ، بابراعظم نے دوسری پوزیشن اپنے نام کرلی

محمد رضوان کیریئر کی بہترین 15ویں پوزیشن پر پہنچ گئے،فخر زمان کا 33واں نمبر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 21 اپریل 2021 13:51

ٹی ٹونٹی رینکنگ، بابراعظم نے دوسری پوزیشن اپنے نام کرلی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 اپریل 2021ء ) پاکستانی کپتان بابراعظم جنوبی افریقہ کے خلاف 4 میچوں کی سیریز کے آخری 2 میچوں میں پرفارمنس کی بنیاد پر آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں ترقی کے بعد دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ بابراعظم نے عمدہ پرفارمنسز کے باعث گزشتہ ہفتے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی جگہ ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن سنبھالی تھی اور اس ہفتے جنوبی افریقہ کے خلاف 122 رنز کی شاندار باری کھیلنے کے ساتھ 47 پوائنٹس حاصل کرکے آسٹریلیا کے ایرون فنچ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔

بابراعظم اب بھی پہلی پوزیشن پر موجود برطانوی کھلاڑی ڈیوڈ مالان سے 48 پوائنٹس پیچھے ہیں لیکن زمبابوے کے خلاف بدھ سے تین میچوں کی سیریز میں 26 سالہ کھلاڑی کو ایک بار پھر پہلی پوزیشن اپنے نام کرنے کا موقع مل سکتا ہے جس پر وہ گزشتہ سال نومبر تک براجمان تھے ۔

(جاری ہے)

فخر زمان نے ون ڈے کے بعد ٹی ٹونٹی رینکنگ میں بھی ترقی پائی ہے، انہوں نے آخری دو میچوں میں 8 ناٹ آؤٹ اور 60 رنز سکور کرکے 17 درجے ترقی کے بعد 33 ویں پوزیشن حاصل کی۔

تیسرے میچ میں 73 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلنے والے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 8 درجے ترقی کے ساتھ کیریئر کی بہترین 15 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بائولر شاہین آفریدی نے دونوں میچوں میں ایک ایک وکٹ حاصل کرکے بعد کیریئر کی بہترین 11 ویں پوزیشن اپنے نام کی ہے جب کہ فہیم اشرف (28ویں سے16 ویں پوزیشن) ، محمد نواز (28ویں سے 24 ویں پوزیشن) اور حارث رؤف (81ویں سے38ویں پوزیشن) بھی ترقی پانے والے بائولرز کی فہرست میں شامل ہیں ۔
وقت اشاعت : 21/04/2021 - 13:51:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :