راشد لطیف اور جاوید میانداد کی ایشین گیمز میں پاکستانی ٹیم نہ بھیجنے کے پی سی بی کے فیصلے پر شدید تنقید

منگل 17 جون 2014 15:06

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17جون 2014ء) دو سابق کپتانوں اور ماضی کے عظیم کھلاڑیوں جاوید میاں داد اور راشد لطیف نے ایشین گیمز میں پاکستانی ٹیم نہ بھیجنے کے پی سی بی کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ٹیسٹ بیٹسمین جاوید میاں داد نے کہا کہ پی سی بی کو اس بات کی پرواہ نہیں کرنی چاہیے کہ کس ملک کے خلاف کس لیول کی کرکٹ ہورہی ہے۔ایشین گیمز ایسا ایونٹ ہے جس سے آپ کو سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

کھلاڑیوں کو ایسے ماحول میں کرکٹ کھلانا جہاں دنیا بھر کے کھلاڑی آئے ہوئے ہیں اس سے بہتر ماحول کہیں اور نہیں مل سکتاتھا۔

(جاری ہے)

پی سی بی کو چاہیے کہ وہ مقابلے کی پرواہ کئے بغیر کھلاڑیوں کو کرکٹ کھیلنے دیں۔ٹیسٹ وکٹ کیپر راشد لطیف نے کہا کہ گوانگ ڑو میں ہونے والے ایشین گیمز میں میں افغانستان کا کوچ تھا۔مجھے علم ہے کہ گیمز ولیج میں رہنے سے کھلاڑی بہت کچھ سیکھتے ہیں۔

اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ایشین گیمز میں مقابلہ سخت نہیں ہوتا لیکن کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔پی سی بی کھلاڑیوں کو کرکٹ دینے کے بجائے دوسرے کاموں میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ کوریا میں ہونیوالے ایشن گیمز میں پاکستان کی اے ٹیم کو بھیجا جاتا لیکن ٹیم کو کرکٹ سے محروم کرنا کہاں کی دانش مندی ہے۔

وقت اشاعت : 17/06/2014 - 15:06:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :