عثمان قادر نے اپنے ’دوست‘ بابراعظم کی وکٹ اڑانے کی ٹھان لی

دوستی میدان سے باہر ہے، سامنا ہوا تو بابر کو پہلی گیند پر آئوٹ کرنے کی کوشش کروں گا: لیگ سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 8 جون 2021 12:05

عثمان قادر نے اپنے ’دوست‘ بابراعظم کی وکٹ اڑانے کی ٹھان لی
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 جون 2021ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر عثمان قادر نے اپنے ’دوست‘ بابراعظم کی وکٹ اڑانے کی ٹھان لی ،ان کا کہنا ہے کہ دوستی میدان سے باہر ہے، سامنا ہوا تو پہلی گیند پر آئوٹ کرنے کی کوشش کروں گا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے بابراعظم کو مشکل بیٹسمین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل میں اب تک سب سے زیادہ ٹف بابراعظم کو باولنگ کرنا لگا ہے، وہ زبردست تکنیک رکھتے ہیں اور مشکل سے مشکل ورائٹی کو کمال مہارت سے کھیلنے میں ان کا کوئی ثانی نہیں، ہر کوئی دنیا کا نمبر ون بیٹسمین نہیں بن سکتا، بابراعظم نے بڑی محنت کرکے یہ مقام پایا ہے۔

عثمان قادر نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف آخری ون ڈے میں جان سومٹس جس بال پر آوٹ ہوئے وہ عمران کی سکھائی ہوئی سلائیڈر ڈیلیوری تھی، اس ورائٹی کو مزید بہتر کرنے پر کام کررہا ہوں، جب اس پر زیادہ مہارت حاصل کرلوں گا تو اس کا زیادہ استعمال دیکھنے کو ملے گا۔

(جاری ہے)

عثمان قادر کا مزید کہنا تھا کہ عمران طاہر نے میری باولنگ میں نکھا ر پیدا کرنے کے لیے بہت کام کیا ،گھنٹوں پریکٹس کرنے کے ساتھ رن اپ میں بھی معمولی سی تبدیلی کی، جس سے زیادہ عمدہ باولنگ کرنے میں کامیاب رہا ہوں، یہی وجہ ہے کہ زمبابوے کے خلاف سیریز میں زیادہ کنٹرول سے باولنگ کی، اس چیز سے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا، اب ایکشن بھی کچھ کچھ عمران طاہر جیسا ہوگیا۔ 
وقت اشاعت : 08/06/2021 - 12:05:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :