حسن علی آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کے ایوارڈ کیلئے نامزد

فاسٹ بائولر نے زمبابوے کیخلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں محض 8.92 کی اوسط سے 14 شکار کیے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 8 جون 2021 14:13

حسن علی آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کے ایوارڈ کیلئے نامزد
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 جون 2021ء ) کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی نے آج اعلان کیا ہے کہ پاکستانی تیز گیند باز حسن علی کو مئی کے مہینے کے پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ حسن علی کے علاوہ سری لنکا کے پروین جیو وکرما اور بنگلہ دیش کے مشفیق الرحیم دیگر دو نامزد امیدوار ہیں۔ 26 سالہ حسن زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عمدہ بولنگ فارم دکھائی۔

انہوں نے 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں صرف 8.92 کی حیرت انگیز اوسط سے 14 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے ابتدائی ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی فتح میں 9 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے دھوم دھام سے سیریز کا آغاز کیا۔ حسن علی نے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 27 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں ،پاکستان نے اس سیریز میں 0-2 سے وائٹ واش مکمل کیا۔

(جاری ہے)

بائیں ہاتھ کے سپنر جے کِکرما نے سری لنکا کے بنگلادیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں یاد گار پرفارمنس دی ۔

وہ 33 سالوں میں پہلا بولر بنے جس نے اپنے ڈیبیو ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں 5 ،5 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے میچ میں مجموعی طور پر 178 رنز کے عوض 11 شکار کیے ، یہ کسی بھی سری لنکن بولر کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو پر بہترین پرفارمنس ہے۔ دوسری جانب بنگلہ دیشی وکٹ کیپر بلے باز مشفیق الرحیم نے ڈھاکہ میں سری لنکا کیخلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 79 کی اوسط اور 88.43 کی سٹرائیک ریٹ سے 237 رنز بنائے۔
وقت اشاعت : 08/06/2021 - 14:13:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :