کوئٹہ،گورنر بلوچستان نے آل پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کپ کا افتتاح کیا

پیر 7 جولائی 2014 18:47

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7جولائی 2014ء) فرنٹیئر کوربلوچستان کی زیر نگرانی اورصو با ئی حکومت کے تعاون سے منعقدہ آل پا کستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کپ کوئٹہ 2014کاباقاعدہ افتتاح گزشتہ شب مہمان خصوصی گورنر بلو چستان محمد خان اچکزئی نے کیا۔تقریب میں وزیر اعلیٰ بلو چستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجو عہ،صوبا ئی وزراء میر سرفراز بگٹی، میر خالد لانگو ،رحمت صالح بلو چ ،عبدالمالک ،سرداررضامحمد بڑیچ،آئی جی ایف سی میجرجنرل محمداعجازشاہد، پاک آرمی اور سول اداروں کے اعلیٰ عہدیداران نے بھرپور شرکت کی ۔

ٹورنامنٹ کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنربلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان بدل رہاہے۔ایک نئی صبح کے طلوع ہونے کے آثارپیداہورہے ہیں جس کا منہ بولتا ثبوت آج کی یہ تاریخی پُررونق رات اور باوقارتقریب ہے جس میں نہ صرف اہل بلوچستان بلکہ ملک کے دیگر صوبوں سے آئے نوجوان مہمانوں کی کثیر تعدادموجود ہے جس کیلئے میں صوبائی حکومت،پاک آرمی اور فرنٹیئرکوربلوچستان کوخراج تحسین پیش کرتاہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آل پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کپ کوئٹہ 2014بلوچستان کے نوجوانوں کے تابناک مستقبل کا آغاز ہے اور وہ دن دور نہیں جب بلوچستان کے نوجوان قومی کرکٹ ٹیم کا نہ صرف حصہ بنیں گے بلکہ انٹرنیشنل میدانوں میں پاکستان کا نام روشن کر سکیں گے۔افتتا حی تقریب کے دوران بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم تقریباً35سے 40ہزار تما شا ئیو ں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھاجوکہ بلوچستان کی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھاجائے گا۔

تقریب میں ا سکول کے بچو ں اورمنتظمین نے ملی نغمے ،جمناسٹک،پتلی تماشہ، علاقائی رقص اور آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کرتے ہو ئے اسٹیڈیم کو جگمگا دیا۔تقریب کے دوران گورنر الیون اور وزیر اعلیٰ الیون کی ٹیموں کے درمیان نمائشی میچ کھیلاگیا جسے وزیراعلیٰ الیون نے 8وکٹوں سے جیت لیا۔میچ کے اختتام پرگورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی ،وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ، کمانڈرسدرن کمانڈلیفٹیننٹ جنرل ناصرخان جنجوعہ اورانسپکٹرجنرل فرنٹیئرکوربلوچستان میجرجنرل محمد اعجاز شاہدنے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں اورٹورنامنٹ منتظمین میں ٹرافیاں اورشیلڈزتقسیم کیئے۔

گورنربلوچستان محمد خان اچکزئی نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور آئی جی ایف سی کو بلوچستان کی تاریخ میں ٹورنامنٹ کی کامیاب افتتاحی تقریب کے انعقاد پرمبارک باد دی۔ آل پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کپ کے سلسلے میں روزانہ دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلامیچ روزانہ شام 0300بجے جبکہ دوسرامیچ رات 1030بجے کھیلے جائیں گے۔واضح رہے کہ میچ کے اختتام پر لکی ڈرا کا بھی اہتمام کیا گیا جن میں 10خوش نصیبو ں نے انعامات جیتے۔

انعامات جیتنے والے خوش نصیب خواتین وحضرات کو مطلع کیاجاتاہے کہ ان کے انعامات انتظا میہ کے پاس بطور امانت رکھے ہو ئے ہیں جوکہ12جولا ئی 2014بروزہفتہ رات کوکھیلے جانیوالے میچ کے بعدوصول کر سکتے ہیں۔ مندرجہ ذیل کوپن نمبرز 006216,003030,001583,006570, 004966,005093,،008983 009694,0074800 , 006024رکھنے والے حضرات موبائل نمبر03335479129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔گرینڈپرائز موٹر سا ئیکل وصول کرنے کیلئے اصل کوپن اور قومی شناختی کارڈزکی کا پی ہمراہ لائیں۔

وقت اشاعت : 07/07/2014 - 18:47:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :