نجم سیٹھی نے مستقل چیئرمین بننے کا نسخہ تلاش کرلیا

جمعہ 11 جولائی 2014 14:18

نجم سیٹھی نے مستقل چیئرمین بننے کا نسخہ تلاش کرلیا

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11جولائی 2014ء) نجم سیٹھی نے مستقل پی سی بی چیئرمین بننے کا نسخہ تلاش کرلیا، عبوری دور میں بھی ایک ماہ کا ایڈہاک راہ ہموار کردے گا، حتمی فیصلہ جمعے کو سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت میں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو حکومت کی طرف سے سپریم کورٹ میں پیش کیے گئے نوٹیفکیشن میں عبوری مینجمنٹ کمیٹی کو ختم کرکے جمشید علی شاہ کو ایک ماہ کیلیے چیئرمین پی سی بی اور الیکشن کمشنر مقرر کردیا گیا، جسٹس(ر) جمشید علی شاہ اس سے قبل بورڈ کی انٹیگریٹی کمیٹی کی سربراہی اور نئے آئین کی تیاری کیلیے کام کرچکے ہیں، اب انھیں حال ہی میں منظور کیے جانے والے آئین کے تحت الیکشن کرانے کی ذمہ داری بھی سونپ دی گئی۔

دوسری طرف بظاہر تو نجم سیٹھی چیئرمین کے عہدے سے برطرف ہوئے لیکن انھیں مینجمنٹ کمیٹی کا حصہ بناکر مستقل طور پر مسند سنبھالنے کا راستہ فراہم کردیا گیا، سماجی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں انھوں نے برملا اپنی اس خواہش کا اظہار بھی کردیا،نجم سیٹھی نے کہاکہ ’’وزیر اعظم نے مجھے بورڈ آف گورنرز کا رکن نامزد کیا جو چیئرمین کا الیکشن لڑنے کا اہل ہوگا‘‘۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق عدالت میں پیش کردہ نوٹیفکیشن میں نئے آئین کے آرٹیکل 10کے تحت مینجمنٹ کمیٹی کو ختم کرکے گورننگ بورڈ لانے کی بات کی گئی ہے۔

یہ صورتحال نجم سیٹھی کو مستقل چیئرمین بنانے کیلیے انتہائی سازگار نظر آتی ہے،وہ 4 ڈپارٹمنٹل، اتنے ہی ریجنل اور چیف پیٹرن کے نامزد کردہ 2 افراد پر مشتمل 10رکنی باڈی میں پہلے ہی شامل ہیں،دیگر ارکان وزیر اعظم کی طرف سے نامزد کیے جانے والے ایک رکن نجم سیٹھی کو منتخب کرلیں گے،اس طرح انھیں ’’جمہوری ٹیگ ‘‘ حاصل ہوجائے گا۔

اس میں واحد رکاوٹ سپریم کورٹ کے گذشتہ روز کے ریمارکس نظر آتے ہیں جن میں نجم سیٹھی کی نامزدگی پر دوبارہ غور کرنے کیلیے کہا گیا، اگر حکومت نے عدالتی تحفظات کو دور کرنے کیلیے کوئی دوسرا آپشن دینے کی حامی بھرلی تو معاملہ بگڑ جائیگا، اسی صورت میں جمعرات کو ہونے والی پیش رفت کالعدم بھی ہوسکتی ہے۔

وقت اشاعت : 11/07/2014 - 14:18:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :