پاکستانی نژاد سکاٹش باحجاب خاتون کرکٹر ابتاہہ مقصود نے دی ویمنز 100 ٹورنامنٹ کھیل کر تاریخ رقم کردی

22 سالہ لیگ سپنر نے لندن سپرٹ کیخلاف برمنگھم فینکس کی نمائندگی کی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 24 جولائی 2021 13:09

پاکستانی نژاد سکاٹش باحجاب خاتون کرکٹر ابتاہہ مقصود نے دی ویمنز 100 ٹورنامنٹ کھیل کر تاریخ رقم کردی
برمنگھم (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 جولائی 2021ء ) سکاٹ لینڈ میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کی بیٹی ابتاہہ ماہین مقصود نے برمنگھم کے ایجبسٹن گرائونڈ میں لندن سپرٹ کیخلاف دی ویمنز 100 میں برمنگھم فینکس کی نمائندگی کرکے نئی تاریخ رقم کردی ۔ 22 سالہ لیگ سپنر ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں صرف 12.82 کی اوسط سے اب تک 23 وکٹیں اپنے نام کرچکی ہیں اور دی 100 کے لیے آخری منٹوں میں رجسٹرڈ ہوئی تھیں ۔

برمنگھم فینکس نے اپنی مقررہ 100 گیندوں میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے جس کے بعد ابتاہہ مقصود نے دوسری اننگز میں 5 گیندوں پر بائولنگ کرتے ہوئے7 رنز دیئے تاہم لندن سپرٹس نے بالآخر 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی ۔ اپنی ٹیم کے ہارنے کے باوجود دیگر مسلم خواتین کیلئے مثال قائم کرنے پر ابتاہہ مقصود کا سوشل میڈیا پر خیرمقدم کیا گیا جو اس کھیل کو اپنا پیشہ بنانا چاہتی ہیں ۔

(جاری ہے)

تائیکوانڈو میں بلیک بیلٹ رکھنے والی ابتاہہ مقصود 2014ء میں گلاسگو میں دولت مشترکہ کھیلوں میں پرچم بردار بھی تھیں اور ماضی میں بی بی سی اور سکائی سپورٹس نے ان کا انٹرویو بھی کیا تھا ۔
ابتاہہ مقصود نے گلاسگو کے پولک کرکٹ کلب میں 11 سال کی عمر میں کرکٹ کھیلنا شروع کی ، اس سے پہلے وہ اپنے بھائی کے ساتھ ٹریننگ کرتی تھیں۔

12 سال کی عمر میں انڈر 17 کیریئر کا آغاز کرنے کے بعد وہ 14 سال کی عمر میں سکاٹ لینڈ کی سینئر ٹیم میں شامل ہوئیں۔ گذشتہ برسوں کے دوران انہوں نے خود کو ٹاپ بائولر کے طور پر منوایا ہے ، انہوں نے ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں صرف 12.82 کی اوسط سے 23 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں اور ان کے کیریئر کی بہترین بائولنگ یوگنڈا ویمن کی ٹیم کیخلاف 8 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کرنا ہے۔ ابتاہہ مقصود 2012ء سے 2017ء کے درمیان سکاٹ لینڈ کے لئے کھیلنے والی برطانوی لیگ سپنر کرسٹی گورڈن کی ساتھی کھلاڑی تھیں ۔
وقت اشاعت : 24/07/2021 - 13:09:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :