13 ویں پاکستان پریمئر فٹبال لیگ ،کے آر ایل اور مسلم کلب چمن نے فتح حاصل کرلی

ہفتہ 4 ستمبر 2021 15:19

13 ویں پاکستان پریمئر فٹبال لیگ ،کے آر ایل اور مسلم کلب چمن نے فتح حاصل کرلی
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2021ء) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیراہتام جاری 13 ویں پاکستان پریمئر فٹ بال لیگ میں خان ریسرچ لیبارٹریز راولپنڈی (کے آر ایل) اور مسلم کلب چمن کی ٹیموں نے اپنے ، اپنے حریفوں کو شکست دیدی ،پاکستان آرمی اور پاکستان نیوی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کے آر ایل کی جانب سے عالمگیر علی خان نے میچ کے دوران اپنی پہلی شاندار ہیٹ مکمل کی، قاسم باغ فٹ بال سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں خان ریسرچ لیبارٹریز راولپنڈی (کے آر ایل) نے پاکستان نیوی کے خلاف 5-2 گول سے کامیابی حاصل کی، وقفے تک کے آر ایل کو پاکستان نیوی کے خلاف 3-0 گول کی برتری حاصل تھی، فاتح ٹیم کی جانب سے عالمگیر علی خان نے تین جبکہ علی خان اور عمران خان نے ایک، ایک گول کیا، پاکستان نیوی کی جانب سے اویس گل اور نعمان نے ایک، ایک گول کیا، دوسرا میچ پاکستان آرمی اور مسلم کلب چمن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں مسلم کلب نے پاکستان آرمی کو ایک سخت مقابلے کے بعد 1-0 گول سے ہرا دیا،وقفے تک مسلم کلب کو 1-0 گول کی برتری حاصل تھی دوسرے ہاف میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں، پہلے ہاف کے 16 ویں میں مسلم کلب کے فرید اللہ نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو مقررہ وقت تک جاری رہی، پاکستان آرمی کے کھلاڑیوں نے میچ برابر کرنے کی بھر پور کوشش کی لیکن ناکام رہے، لیگ کے مزید دو میچز (آج)اتوار کو کھیلے جائیں گے پہلا میچ ہماکلب اور سوئی سدرن گیس کمپنی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاکستان ایئرفورس کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔

وقت اشاعت : 04/09/2021 - 15:19:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :