کراچی یونائیٹڈ کے وائی آئی یوتھ لیگ‘گولیمار سینئر انڈر14اور انڈر12کی شاندار کامیابی

بدھ 13 اگست 2014 20:23

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13اگست 2014ء ) کراچی یونائیٹڈ فٹبال فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام جاری کے وائی آئی یوتھ لیگ میں گولیمار سینٹر پر ہونے والے انڈر14اور انڈر12 کے درمیان ہونے والے مقابلے فیصلہ کن رہے جبکہ انڈر16 کے درمیان ہونے والا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔گولیمار سینٹر فٹبال گراؤنڈ پر ہونے والے پہلے میچ میں گولیمار یوتھ اکیڈمی اور ناظم آباد یوتھ اکیڈمی کی انڈر12 ٹیمیں آمنے سامنے تھیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا۔وقفہ تک میچ بغیر کسی گول کے برابر تھا۔وقفہ کے بعد دونوں ٹیموں نے برتری حاصل کرنے کے لئے سرتوڑ کوششیں کیں لیکن غلط نشانہ بازی کے سبب گیند کو جال میں ڈالنے سے قاصر رہیں کھیل ختم ہونے سے صرف تین منٹ قبل گولیمار یوتھ اکیڈمی کے اسٹرائکر مجاہد کو گول کرنے کا ایک یقینی موقع ملا ہے انہوں نے ضائع کئے بغیر گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو کامیابی دلادی۔

(جاری ہے)

دوسرے میچ میں گولیمار یوتھ اکیڈمی انڈر14 نے ناظم آباد یوتھ اکیڈمی انڈر14 کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر تین قیمتی پوائنٹ حاصل کر لئے مقابلے کے دونوں گول ذیشان نے16 ویں اور32ویں منٹ میں اسکور کئے۔دو گول کے خسارے میں جانے کے بعد ناظم آباد یوتھ اکیڈمی نے گول برابر کرنے کی جان توڑ کوششیں کیں لیکن مقررہ وقت تک وہ اپنی کوششوں میں کامیاب نہ ہوسکے۔تیسرا اور آخری میچ گولیمار یوتھ اکیڈمی انڈر16اور ناظم آباد یوتھ اکیڈمی انڈر16 کے دمریان ہوا جو اعصاب شکن مقابلے کے بعد بغیر کسی گول کے برابر رہا دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ حاصل ہوا۔میچزکو داد رحمن اور سلیم فیض نے لطیف اور رضوان کی معاونت سے سپروائز کیا جبکہ میچ کمشنر کے فرائض شہزاد اور نسیم نے انجام دیئے۔

وقت اشاعت : 13/08/2014 - 20:23:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :