پی ایس ایس اویونیورسٹی گیمز کرکٹ ٹورنامنٹ کا پیر سے آغاز

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 22:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2021ء) پاکستان اسکول اسپورٹس اولمپک کے زیر اہتمام کراچی پی ایس ایس اویونیورسٹی گیمز کے سلسلے میں کرکٹ ٹورنامنٹ25اکتوبر بروز پیر سے کراچی کے مختلف گرائونڈز پر شروع ہو رہا ہے ۔اس سلسلے میں پاکستان اسکول اسپورٹس اولمپک کے صدر سید گوہر رضا نے بتایا کہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں جو جامعات شرکت کر رہی ہیں ان میں سرسید یونیورسٹی ،بحریہ یونیورسٹی ،زیبسٹ اور ملینئم کالج اینڈ یونیورسٹی شامل ہیں ۔

اس ایونٹ کے ساتھ ہی 26اکتوبر بروز منگل سے جونیئر ٹورنامنٹ بھی شروع ہوگا ،کراچی پی ایس ایس او اسکول گیمز میں پرائمری اور سیکنڈری لیول کی بوائز اور گرلز کی کلاس ایٹ تک کی ٹیمیں شرکت کریں گی ۔گرلز کرکٹ ٹورنامنٹ میں جو ٹیمیں شریک ہونگی ان میں الفا گرلز اسکول ،بدری ہائی اسکول ،دی سٹی اسکول درخشاں کیمپس،خاتون پاکستان اسکول ،ایس ایم بی فاطمہ اسکول زندگی ٹرسٹ کی ٹیمیں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

بوائز کے ایونٹ کے لیے بیکن ہائوس ،ڈسکوری ،الفا اسکول ،سٹی اسکول درخشاں کیمپس ،بدری ہائی اسکول ،نکسر ہائی اسکول ،نکسر اولیول،ناصرہ اسکول اور بیکن ہائوس پی ای سی ایچ ایس شامل ہیں ۔اس ٹورنامنٹ کے فائنلز پانچ نومبر کو کھیلے جائیں گے ۔کراچی پی ایس ایس او اسکول کالج گیمز میں رواں سال پی ایس ایس او یونیورسٹی گیمز میں پانچ کھیلوں کرکٹ ،فٹبال ،باسکٹ بال ،ٹیبل ٹینس اور بیڈ منٹن کو شامل کیا گیا ہے ۔

باسکٹ بال ،ٹیبل ٹینس اور بیڈ منٹن میں بوائز اور گرلز کی ٹیمیں شریک ہونگی ۔اسی طرح جونیئر لیول پر کرکٹ ،فٹبال ،باسکٹ بال ،ایتھلیٹکس اورسوئمنگ جبکہ اے اینڈ او لیول اسکولز کے لیے کرکٹ ،باسکٹ بال ،ٹیبل ٹینس ،سوئمنگ اور ایتھلیٹکس ایونٹس ہونگے ۔یہ تمام ایونٹس کراچی کے مختلف وینیوز پر منعقد ہونگے ۔
وقت اشاعت : 23/10/2021 - 22:49:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :