بگ بیش لیگ ، شاداب خان کی گراؤنڈ میں نماز پڑھنے کی تصویر وائرل

بی بی ایل میں گزشتہ روز کھیلے گئے سڈنی سکسرز اور میلبورن رینیگیڈ کے میچ کے دوران لیگ سپنر نے گراؤنڈ میں ہی نماز پڑھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 12 جنوری 2022 17:16

بگ بیش لیگ ، شاداب خان کی گراؤنڈ میں نماز پڑھنے کی تصویر وائرل
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 جنوری 2022ء ) بگ بیش میں شرکت کرنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی شاداب خان کی گراؤنڈ میں نماز پڑھتے تصویر سوشل میڈیا پر زیرگردش ہے۔ بی بی ایل میں سڈنی سکسرز اور میلبورن رینیگیڈ کے میچ کے دوران شاداب خان نے گراؤنڈ میں ہی نماز پڑھی۔
سوشل میڈیا پر شاداب خان کی نماز کی ادائیگی کی تصویر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

خیال رہے کہ بی بی ایل میں سڈنی سکسرز کی نمائندگی کرنے والے شاداب خان لیگ ادھوری چھوڑ کر وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔ آل راؤنڈر نے سڈنی سکسرز کے لیے 4 میچ کھیلے جس میں انھوں نے 20 رنز بنائے اور ایک وکٹ حاصل کی۔ انہوں نے اپنا آخری میچ منگل کو پرتھ سکارچرز کیخلاف کھیلا۔ میچ کے بعد اپنے انٹرویو میں شاداب خان نے موقع دینے پر فرنچائز کا شکریہ ادا کیا اور ٹیم کیلئے بقیہ مقابلوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

23 سالہ شاداب خان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ ’مجھے یہاں لانے کیلئے سڈنی سکسرز کا بہت بہت شکریہ، آپ لوگوں کے ساتھ کھیلنا ایک اعزاز کی بات ہے۔ مجھے کھیلنا بہت اچھا لگا، بدقسمتی سے میں اب جا رہا ہوں لیکن میں جانتا ہوں کہ آپ ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، باقی کے لیے میں آپ کو نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ امید ہے کہ آپ یہ ٹورنامنٹ بھی جیتیں گے‘‘۔
لیگ سپنر 27 جنوری سے شروع ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 7 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کریں گے۔
وقت اشاعت : 12/01/2022 - 17:16:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :