عماد وسیم کو فٹنس مسائل کے سبب سکواڈ سے ڈراپ کیا گیا: محمد وسیم

کارکردگی کو دیکھتے ہوئے محمد نواز بہترین آپشن تھے، ان کی فٹنس ، کارکردگی اس وقت اچھی جا رہی ہے، عماد جلد فٹنس مسائل پر قابو پاکر سکواڈ میں واپسی کی صلاحیت رکھتے ہیں : چیف سلیکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 30 مئی 2022 12:22

عماد وسیم کو فٹنس مسائل کے سبب سکواڈ سے ڈراپ کیا گیا: محمد وسیم
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 مئی 2022ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے آل راؤنڈر عماد وسیم کو سکواڈ سے ڈراپ کرنے کی وجہ بتادی۔ چیف سلیکٹر محمد وسیم نے اپنے بیان میں کہا کہ فٹنس مسائل کے باعث آل راؤنڈر عماد وسیم کی کارکردگی پر فرق پڑرہا ہے جس سے وہ پریشانی کا شکار ہیں جبکہ سکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں کی فٹنس کا معیار بہت زیادہ ہے، یہی وجہ ہے کہ محمد نواز کو عماد وسیم پر ترجیح دی گئی۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ آل راؤنڈر کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے محمد نواز ٹیم کے لیے بہترین آپشن تھے، ان کی فٹنس اور کارکردگی اس وقت اچھی جا رہی ہے، عماد وسیم جلد فٹنس مسائل پر قابو پاکر سکواڈ میں واپسی کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ دوسری جانب چیف سلیکٹر محمد وسیم نے اوپنر شان مسعود کو مستقبل میں وائٹ بال کرکٹ سکواڈ میں واپسی کا عندیہ دیا ہے جبکہ وہ اس وقت انگلش کاؤنٹی ٹی ٹونٹی بلاسٹ میں ڈربی شائر فالکنز کی قیادت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ویسٹ انڈیز کے خلاف اعلان کردہ قومی سکواڈ میں بابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حارث (وکٹ کیپر بیٹر)، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر بیٹر)، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دہانی اور زاہد محمود شامل ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 8، 10 اور 12 جون کو راولپنڈی میں 3 ون ڈے کھیلے جائیں گے جبکہ کیریبیئن ٹیم 5جون کو وطن پہنچے گی۔
وقت اشاعت : 30/05/2022 - 12:22:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :