47 ویں خیبر پختونخوا اوپن گالف چمپئن شپ پی اے ایف گالف کورس پشاور میں شروع ہوگئی

جمعہ 24 اکتوبر 2014 19:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 اکتوبر۔2014ء) 47 ویں خیبر پختونخوا اوپن گالف چمپئن شپ پی اے ایف گالف کورس پشاور میں شروع ہوگئی باضابطہ افتتاح وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سپورٹس و ٹوررازم امجد آفریدی نے کیا ان کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا میاں عادل شاہ ، خیبرپختونخوا گالف ایسوسی ایشن کے سیکرٹری کرنل (ر) شہادت حسین ، باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے صدر سہیل بن قیوم سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھے ۔

چمپئن شپ ملک بھر سے 125 کے قریب میل وفمیل گالفرز شرکت کررہے ہیں ۔ 47 ویں خیبرپختونخوا اوپن گالف چمپئن شپ تین دن تک جاری رہیگا جس کی فائنل تقریب 26 اکتوبر بروز اتوار منعقد ہوگی جس کے مہمان خصوصی کورکمانڈ پشاور ہونگے ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی امجد آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ میں اہم اقدامات کررہی ہے خیبرپختونخوا میں کھیلوں کیلئے ماحول ساز گار ہے جس کی مثال 47 ویں گالف چمپئن شپ ہے جس میں ملک بھر سے گالفرز شرکت کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گالف کھیل کے فروغ کیلئے صوبائی حکومت پشاور ماڈل ٹاؤن میں نیا گالف کورس بنا رہا ہے ۔ جس پر بہت جلد کام شروع ہوجائے گا ۔ اسکے علاوہ تحصیل اور ڈسٹرکٹ سطح پر بھی گراؤنڈ پر کام تیزی سے جاری ہے جس کا افتتاح بہت جلد پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کرینگے ۔ افتتاحی روز پاکستان ٹیم کے رکن اور سابقہ کپتان طارق محمود نے دو انڈرپار70 سکور کے ساتھ پہلے دن کے لیڈر رہے طارق محمود نے پہلے نو ہولز میں 37 اور دوسرے نائن ہولز میں 33 سکورکیا جس میں ایک ایگل اور دو برڈیز بھی شامل ہیں ۔

دوسرے نمبر پر پاکستان ٹیم کے نمبر ایک تیمور خان نے 72 سکور کے ساتھ دوسرے پوزیشن پر رہے تیمور حال ہی میں پاکستان ٹیم کے ساتھ چائنہ ، اور سری لنگا کے کامیاب دورے کئے انہوں نے پہلے نائن ہولز پر 34 اور دوسرے نائن ہولز پر 38 سکور کیا ۔ جس میں دو برڈیز بھی شامل ہیں ۔ تیسرے نمبر پر پاکستان ٹیم کے رکن محمد نعیم احمد 73 سکور کے ساتھ رہے ۔ انہوں نے تین برڈیز سکور کئے ۔

جبکہ عنایت الله یوسفزئی 74 سکور کے ساتھ چوتھے نمبر پر اور اسلام آباد کے شمائل عزیز ، راولپنڈی کے حالد محمود اور پشاور گالف کلب کے ذیشان خان 77 سکور کے ساتھ پانچویں اور چھٹے نمبر پر رہے ۔ طارق محمود نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ورلڈ ملٹری گالف چمپئن شپ کھیلنے کیلئے نومبر میں بحرین جارہے ہیں ٹیم میں خیبرپختونخوا کے محمد نعیم کیپٹن انصار محمود ، کرنل خوشحال اور عدیل ہاشمی اور ونگ کمانڈر عاطف ٹیم کے ساتھ ہونگے ۔

وقت اشاعت : 24/10/2014 - 19:57:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :