فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) نیشنل ویمنز ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ مختلف شکل اور نئے جذبے کے ساتھ بدھ کے روز سے فیصل آباد میں شروع ہوگیاجس میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔نیشنل ویمنز ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ صنعتی شہر فیصل آباد میں مختلف شکل کے ساتھ منعقد کیا جارہا ہے کیونکہ گزشتہ سیزن تک یہ45اوورز کا ٹورنامنٹ پاکستان کپ ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ کے نام سے منعقد ہوتا رہا ہے جس میں تین ٹیمیں بلاسٹرز، چیلنجرز اور ڈائنامائٹس حصہ لیتی رہی ہیں لیکن اس بارپاکستان کرکٹ بورڈ نے خواتین کرکٹ کے فروغ کیلئے اپنی مسلسل کوششوں اور فروغ کے اپنے عزم کے تحت اس ٹورنامنٹ میں چھ ریجنل ٹیموں کو شامل کیا ہے جو ڈبل لیگ کی بنیاد پر 50 اوورز کے میچز کھیلیں گی۔اس ٹورنامنٹ میں شریک6 ٹیمیں کراچی، لاہور، ملتان، پشاور، کوئٹہ اور راولپنڈی کو کم از کم10 میچز کھیلنے کو ملیں گے جبکہ مجموعی انعامی رقم 22 لاکھ 45 ہزار روپے ہے۔