دورہ سری لنکا کے لیے 18 رکنی قومی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان، یاسر شاہ کی واپسی

سلمان علی آغا بھی سکواڈ کا حصہ بن گئے، انجری کے باعث آسٹریلیا سیریز سے باہر ہونیوالے محمد نواز دوبارہ سکواڈ میں شامل ،پہلا ٹیسٹ 16 جولائی سے 20 جولائی تک گال میں ہوگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 22 جون 2022 15:54

دورہ سری لنکا کے لیے 18 رکنی قومی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان، یاسر شاہ کی واپسی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 جون 2022ء ) پاکستان اور سری لنکا کے مابین ہونے والی سیریز کے شیڈول اور 18 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔ اعلان کردہ سکواڈ میں 3 سپنرز، چار مڈل آرڈر بیٹرز، تین آل راؤنڈرز، دو وکٹ کیپرز، دو اسپنرزاور چار فاسٹ بولرز کو شامل کیا گیا ہے۔ یاسر شاہ اور سلمان علی آغا کی قومی ٹیسٹ سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، اس کے علاوہ انجری کے باعث آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سکواڈ سے باہر ہونے والے محمد نواز دوبارہ قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل ہوگئے ہیں۔

سکواڈ میں کپتان بابر اعظم ، نائب کپتان محمد رضوان ، عبداللہ شفیق، اظہر علی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔ اس کے علاوہ فواد عالم، حارث رؤف، حسن علی، امام الحق، محمد نواز، نسیم شاہ، سرفراز احمد ، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، یاسر شاہ اور نعمان علی بھی سکواڈ کا حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

سری لنکا کرکٹ نے تاخیر کے بعد اب ٹیسٹ سیریز کی تاریخوں اور وینیوز کا اعلان کیا۔

اعلان کردہ شیڈول میں ایک وارم اپ میچ اور 2 ٹیسٹ میچز شامل ہیں، تین روزہ وارم اپ میچ 11 سے 13 جولائی تک کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد 2 ٹیسٹ میچز ہوں گے، پہلا ٹیسٹ میچ 16 جولائی سے 20 جولائی تک گال میں ہو گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ میچ 24 سے 28 جولائی تک کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم 6 جولائی کو سری لنکا پہنچے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین ہونے والی سیریز کے وینیوز پر مشاورت طویل ہونے کی وجہ سے شیڈول کے اعلان میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
وقت اشاعت : 22/06/2022 - 15:54:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :