بھارتی فاسٹ بائولر محمد سراج کا انگلش کائونٹی واروکشائر کے ساتھ معاہدہ

جمعرات 18 اگست 2022 22:30

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2022ء) بھارتی فاسٹ بائولر محمد سراج کا انگلش کائونٹی واروکشائر کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا' وہ کائونٹی سیزن کے آخری مرحلے میں واروکشائر کی نمائندگی کریں گے۔ محمد سراج اس وقت زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے بھارتی ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں، ون ڈے سیریز 22 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔ دورہ زمبابوے کے بعد محمد سراج کی برمنگھم روانگی متوقع ہے۔

واروکشائر اپنا اگلا میچ سمرسیٹ کے خلاف 12 ستمبر کو ایجبسٹن میں کھیلے گی۔ محمد سراج رواں انگلش ڈومیسٹک سیزن میں کھیلنے والے چھٹے بھارتی کھلاڑی ہیں۔ اوپننگ بیٹر چوتیشور پجارا کا سسکس کی جانب سے شاندار سیزن رہا، امیش یادیو اور نوودیپ سینی مڈل سیکس اور کینٹ کی نمائندگی کر رہے ہیں جبکہ لنکاشائر کی نمائندگی کرنے والے واشنگٹن سندر رائل لندن ون ڈے کپ کے میچ میں کندھے کی انجری کا شکار ہوگئے جس کی وجہ سے انہیں دورہ زمبابوے سے باہر ہونا پڑا۔

(جاری ہے)

کرونال پانڈیا بھی محدود طرز کی کرکٹ میں واروکشائر کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے محمد سراج نے کہا کہ واروکشائر کی طرف سے کھیلنے کے لئے پرجوش ہوں' میں نے ہمیشہ انگلینڈ میں کھیل کر انجوائے کیا' ایجبسٹن کا سٹیڈیم ورلڈ کلاس ہے اور مجھے امید ہے کلب کا سیزن اچھا رہے گا۔
وقت اشاعت : 18/08/2022 - 22:30:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :