دبئی ٹیسٹ بے نتیجہ ختم، پاکستان کی 3 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری برقرار

جمعہ 21 نومبر 2014 18:30

دبئی ٹیسٹ بے نتیجہ ختم، پاکستان کی 3 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری برقرار

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21نومبر۔2014ء) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری دوسرا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا ہے اور پاکستان کی سیریز میں 1-0 کی برتری برقرار ہے۔ تفصیلات کے مطابق دبئی ٹیسٹ کے پانچویں روز کیوی ٹیم نے 250رنز بنا کر اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کردی جبکہ مجموعی طورپر260رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 196 رنز بنائے اور اس کے 5 کھلاڑی آﺅٹ ہوئے۔

دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے آخری روز کیوی ٹیم نے 9وکٹوں کے نقصان پر 250رنز بنا کردوسری اننگز ڈکلیئر کردی جبکہ اس سے قبل کیوی ٹیم کو پہلی اننگز میں 10رنز کی برتری حاصل تھی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے کپتان روز ٹیلر نے 104 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ میکولم 45 ، کریگ 34 اور ساﺅتھی 20 رنز کےساتھ نمایاں رہے ، قومی ٹیم کی جانب سے میچ میں تمام 9 وکٹیں سپنرز نے لیں ، ذوالفقار بابر نے 4 اور یاسر شاہ نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

(جاری ہے)

کیوی ٹیم کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو پہلا نقصان اُس وقت اُٹھانا پڑا جب توفیق عمر 4 رنز بنا کر 8 کے مجموعہ پرساﺅتھی کا شکار بن گئے۔ دوسری وکٹ 70 کے مجموعی سکور پر گری جب اظہر علی 24 رنز بنا کر کریگ کی گیند پر نیشام کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ قومی ٹیم کو تیسرا جھٹکا مجموعی سکور میں محض 3 رنز کے اضافے کے بعد ہی لگ گیا جب شان مسعود 40 رنز بنا کر بولٹ کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ آسٹریلیا کے خلاف تیز ترین ٹیسٹ سنچری کا ریکارڈ برابر کرنے والے کپتان مصباح الحق بغیر کوئی سکور بنائے ہی آﺅٹ ہو گئے۔پانچویں وکٹ 149 کے رنز پر گری جب یونس خان 44 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے بولٹ نے 2 جبکہ ساﺅتھی اور کریگ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

وقت اشاعت : 21/11/2014 - 18:30:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :