ٹینس اسٹار راجر فیڈرر کو بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کا خراج تحسین

جمعرات 29 ستمبر 2022 13:32

ٹینس اسٹار راجر فیڈرر کو بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کا خراج تحسین
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2022ء) حال ہی میں ریٹائرڈ ہونے والے ٹینس اسٹار راجر فیڈرر کو بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے خراج تحسین پیش کیا ہے۔سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے راجر فیڈرر کے لئے خصوصی ویڈیو بناتے ہوئے پیغام میں کہا کہ ہیلو راجر، میرے لیے یہ اعزاز ہے کہ یہ ویڈیو بھیج رہا ہوں۔ آپ کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ آپ کے شاندار کیرئیر نے ہمیں کئی شاندار لمحات اور یادیں دیں۔

ویرات کوہلی نے کہا کہ مجھے آپ سے آسٹریلین اوپن کے دوران 2018 میں ملنے کا موقع ملا، میں زندگی بھر آپ سے ملاقات کے لمحات نہیں بھلا سکوں گا۔انہوں نے ٹینس اسٹار کیلئے کہا کہ دنیا بھر میں آپ کے کھیل کی پزیرائی کی گئی اور صرف ٹینس ہی نہیں دنیا نے آپ کو سپورٹ کیا۔

(جاری ہے)

میں نے یہ چیز کسی اور انفرادی ایتھلیٹ میں نہیں دیکھی۔ویرات کوہلی نے کہا کہ یہ سب پیدا نہیں کیا جا سکتا آپ میں ایک خاص قسم کی صلاحیت ہے۔

آپ کو کورٹ میں کھیلتے ہوئے دیکھنے کا کوئی جوڑ نہیں ہے۔بھارتی کرکٹر نے کہا کہ میرے لئے آپ آل ٹائم گریٹ رہیں گے، مجھے امید ہے کہ آپ اب اگلی زندگی سے بھی لطف اندوز ہوں گے، آپ کے لئے اور آپ کی فیملی کے لئے نیک خواہشات، اپنا خیال رکھیں۔اس سے قبل راجر فیڈرر کی ریٹائرمنٹ پر اپنے انسٹاگرام اکاونٹ پر ویرات کوہلی نے راجر فیڈرر کے کیریئر کے آخری میچ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے پیغام لکھا تھا کہ میرے لئے یہ کھیلوں کی سب سے بہترین تصویر ہے۔
وقت اشاعت : 29/09/2022 - 13:32:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :