پاکستان ڈٹ جائے، ایشیاء کپ 2023ء بھارت کے بغیر بھی ہو سکتا ہے: یونس خان

اگر ایشیاء کپ کا مقام پاکستان سے تبدیل کیا جاتا ہے تو پاکستان کو خود یہ ٹونامنٹ کھیلنے سے گریز کرنا چاہیے: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 20 اکتوبر 2022 13:09

پاکستان ڈٹ جائے، ایشیاء کپ 2023ء بھارت کے بغیر بھی ہو سکتا ہے: یونس خان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 اکتوبر 2022ء ) پاکستان کے سب سے کامیاب ٹیسٹ بیٹر یونس خان نے کہا ہے کہ ایشیا کپ 2023ء بھارت کے بغیر بھی ہو سکتا ہے، پاکستان کو اپنے مؤقف کے لیے ڈٹ جانا چاہیے۔ یونس خان نے گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی شو میں بطور مہمان شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے ایشیاء کپ 2023ء کے لیے پاکستان نہ آنے کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایشیاء کپ کا مقام پاکستان سے تبدیل کیا جاتا ہے تو پاکستان کو خود یہ ٹونامنٹ کھیلنے سے گریز کرنا چاہیے، اگر بھارت پاکستان نہیں آنا چاہتا تو یہ ان کی مرضی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگلے سال ورلڈ کپ بھی آنا ہے جو کہ بھارت میں ہونا ہے، اگر ہم نے بھی کہہ دیا کہ ہم بھارت کھیلنے کے لیے نہیں جا رہے تو پھر مزہ کیا آئے گا۔

(جاری ہے)

یونس خان نے مزید کہا کہ بیچ کا رستہ کوئی نہیں ہے، کھیلنا چاہیے، صرف بی سی سی آئی نہیں ہے، اے سی سی آئی اور آئی سی سی کو بھی اس مسئلے کا حل سوچنا چاہیے اور کردار ادا کرنا چاہیے۔ یونس خان نے کہا کہ اگر وہ پاکستان نہیں آتے اور آئی سی سی ایشیاء کپ کا وینیو تبدیل کرتا ہے تو پھر پاکستان کو بھی ڈٹ جانا چاہیے اور کسی اور ملک جا کر کھیلنے سے انکار کر دینا چاہیے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء میں بھارت میں جب کہ ایشیاء کپ 2023ء پاکستان میں ہونا طے پایا ہے۔ یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں آئے گی جس پر ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ بھارت اگلے سال ایشیا کپ میں شرکت کے لیے پاکستان نہیں آیا تو پاکستان بھی آئندہ سال ورلڈ کپ کھیلنے بھارت نہیں جائے گا۔
وقت اشاعت : 20/10/2022 - 13:09:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :