بھارتی بلے باز نے ایک اوور میں 7 چھکے مارنے کا نیا ریکارڈ قائم کردیا

رتوراج گائیکواڈ نے اپنی ناقابل شکست اننگز میں 159 گیندوں پر 16 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 220 رنز بنائے،ایک اوور میں 42 رنز بنانیوالے پہلے کھلاڑی بن گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 28 نومبر 2022 14:44

بھارتی بلے باز نے ایک اوور میں 7 چھکے مارنے کا نیا ریکارڈ قائم کردیا
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 نومبر 2022ء ) بھارت میں جاری ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ وجے ہزارے ٹرافی میں انڈین بیٹر رتوراج گائیکواڈ نے ایک اوور میں سات چھکے لگا کر ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ پیر کو وجے ہزارے ٹرافی کے سیمی فائنل میں مہارشٹرا کے کپتان رتوراج گائیکواڈ نے اتر پردیش کے خلاف ڈومیسٹک ون ڈے میچ کے دوران 49 ویں اوور میں شیوا سنگھ کو ایک اوور میں 7 چھکے مارے۔

شیوا سنگھ نے اپنے اوور میں ایک نو بال بھی کروائی اور اس نو بال پر بھی رتوراج گائیکواڈ نے انہیں چھکا مارا اور اس طرح اتر پردیش کے بولر کا ایک اوور سات چھکوں پر ختم ہوا۔
رتوراج گائیکواڈ نے اپنی ناقابل شکست اننگز میں 159 گیندوں پر 16 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 220 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

مہارشٹرا کے کپتان کرکٹ کے کسی بھی فارمیٹ میں ایک اوور میں 42 رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

اپنی جارحانہ بیٹنگ کے سبب رتوراج گائیکواڈ کا نام سوشل میڈیا پر بھی ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے۔ 25 سالہ رتوراج گائیکواڈ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں چنائی سپر کنگز کی فرنچائز کی نمائندگی کرتے ہیں جہاں انہوں نے 36 میچ کھیلے ہیں اور 37.7 کی اوسط اور 130.3 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1,207 رنز بنائے ہیں۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز نے بھارتی ٹیم کے لیے 9 ٹی ٹونٹی میچز میں 16.88 کی اوسط سے 135 رنز بنائے ہیں۔ انہوں نے ہندوستان کے لیے ایک ون ڈے بھی کھیلا ہے۔
وقت اشاعت : 28/11/2022 - 14:44:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :