ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں کل آخری دو پری کوارٹر فائنلز کھیلے جائیں گے

پیر 5 دسمبر 2022 10:30

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2022ء) فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام قطر میں جاری 22 ویں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں کل (منگل کو) آخری دو پری کوارٹر فائنلز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ مراکش اور سپین کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے میچ میں پرتگال اور سوئٹزرلینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔فٹ بال ورلڈ کے قطر میں سجے عالمی میلے میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

میگا فٹ بال ٹورنامنٹ اپنے اختتامی مرحلے کی طرف گامزن ہے ۔ میگا ایونٹ کے سپر 16 مرحلے اختتام میں آخری دو میچز رہ گئے ہیں جو کل منگل کو کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ مراکش اور سپین کی ٹیموں کے درمیان ایجوکیشن سٹی سٹیڈیم، الریان میں کھیلا جائے گا ، یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوگا جبکہ دوسرے میچ میں پرتگال اور سوئٹزرلینڈ کی ٹیمیں لوسیل آئیکونک سٹیڈیم، لوسیل آمنے سامنے ہوں گی، یہ میچ رات 12 بجے شروع ہوگاجس کے بعد میگا ایونٹ کی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہوجائے گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کوارٹر فائنل مرحلہ 9دسمبر سے شروع ہوگا جو 10 دسمبر کو ختم ہوگا، اس کے بعد میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 13 جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 14 دسمبر کو کھیلا جائے گا، تیسری پوزیشن کے لئے میچ 17 جبکہ فائنل میچ 18 دسمبر کو لوسیل آئیکونک سٹیڈیم، لوسیل میں کھیلا جائے گا۔\932
وقت اشاعت : 05/12/2022 - 10:30:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :