پاکستان کا سفر کر کے کوئی خطرہ محسوس نہیں کر رہے ،دنیا ئے کرکٹ کی دیگر ٹیمیں بھی دورہ کریں ‘ کوچ ،کپتان کینیا کرکٹ ٹیم ،پاکستانی ٹیم کے ساتھ کھیلنا اعزاز کی بات ہے ،یہاں کرکٹ کھیل کر بہت کچھ سیکھیں گے‘اسٹیو ٹیکولو اور شیم نگوچی کی پریس کانفرنس

بدھ 10 دسمبر 2014 18:32

پاکستان کا سفر کر کے کوئی خطرہ محسوس نہیں کر رہے ،دنیا ئے کرکٹ کی دیگر ٹیمیں بھی دورہ کریں ‘ کوچ ،کپتان کینیا کرکٹ ٹیم ،پاکستانی ٹیم کے ساتھ کھیلنا اعزاز کی بات ہے ،یہاں کرکٹ کھیل کر بہت کچھ سیکھیں گے‘اسٹیو ٹیکولو اور شیم نگوچی کی پریس کانفرنس

لاہور( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10 دسمبر 2014ء) کینیا کی کرکٹ ٹیم کے کوچ ا سٹیو ٹیکولو اور کپتان شیم نگوچی نے کہا ہے کہ پاکستان کا سفر کر کے کوئی خطرہ محسوس نہیں کر رہے ،کرکٹ کے فروغ کے لئے دنیا ئے کرکٹ کی دیگر ٹیموں کو بھی بلا خوف و خطر پاکستان کا دورہ کرنا چاہیے ،پاکستانی ٹیم کے ساتھ کھیلنا اعزاز کی بات ہے اور یہاں کرکٹ کھیل کر بہت کچھ سیکھیں گے،پاکستانی اے ٹیم میں کئی نامور کھلاڑی شامل ہیں جسکی وجہ سے اسے مضبوط ٹیم تصور کرتے ہیں ،پاکستانی بلے بازوں کے گرد تین لیفٹ آرم بالرز کے ذریعے جال بچھائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ کینیا کرکٹ ٹیم کے کوچ اور کپتان نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے جب کینیا کی کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں آکر پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنے کی دعوت دی تو ہمارے بورڈ نے اس دعوت کے قبول کرنے میں کسی قسم کی کوئی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کیا ،پاکستان کا سفر کر کے کوئی خطرہ محسوس نہیں ہوا بلکہ سکیورٹی سمیت تمام انتظامات سے مطمئن ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف کرکٹ کھیلنا ہے اس لئے ہمارا دیگر مسائل سے کوئی تعلق نہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم میں فواد عالم اور انور علی جیسے اچھے کھلاڑی موجود ہیں اور اس لحاظ سے پاکستانی ٹیم مضبوطی ٹیم ہے ،ان مقابلوں سے ہمارے کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا ۔کینیا کی ٹیم سینئرز اورجونیئرز کھلاڑیوں کا امتزاج ہے جس میں دو کھلاڑی ایسے بھی شامل ہیں جو پاکستان کے خلاف سیریز میں ہی ڈیبیو کریں گے ۔

کینیا کے کوچ اور کپتان کا کہنا تھا کہ اگلے ماہ آئی سی سی ورلڈ کرکٹ لیگ شروع ہورہی ہے اور دورہ پاکستان کو اسکی تیاریوں کا حصہ سمجھتے ہیں ۔پاکستان کے خلاف مقابلوں میں بہترین پرفارمنس دے کر سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے ۔کینیا کی ٹیم بالنگ اور بیٹنگ میں کافی مضبوط ہے جبکہ مڈل آرڈر بھی ٹیم کو سہارا دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔

وقت اشاعت : 10/12/2014 - 18:32:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :