ملالہ یوسفزئی سے قومی ویمن کرکٹرز کی ملاقات ، دستخط شدہ شرٹ پیش کی

ملالہ نے کامیابیوں کیلئے حوصلہ بڑھایا اور آنے والے ورلڈ کپ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

جمعہ 16 دسمبر 2022 16:12

ملالہ یوسفزئی سے قومی ویمن کرکٹرز کی ملاقات ، دستخط شدہ شرٹ پیش کی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2022ء) نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی سے قومی ویمن کرکٹرز نے ملاقات کی جس میں ملالہ یوسفزئی کو دستخط شدہ شرٹ پیش کی ۔ جمعہ کو انگلینڈ روانگی سے قبل ملالہ یوسفزئی سے قومی ویمن کرکٹرز نے ملاقات کی ،ملاقات کے دوران ملالہ یوسفزئی کے شوہر عصر ملک بھی موجود تھے ، پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سدرا امین ، ڈیانا بیگ اور طوبی حسن موجود تھیں، انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی ایمان فاطمہ اور شوال ذوالفقار مینجر عائشہ جلیل کے ہمراہ شامل ہوئیں، ویمن کرکٹرز نے ملالہ یوسفزئی کو دستخط شدہ شرٹ پیش کی اور انہیں قومی ویمن ٹیم کی جیکٹ بھی دی گئی۔

ملالہ یوسفزئی نے ویمن کرکٹرز کا مزید کامیابیوں کے لیے حوصلہ بڑھایا اور آنے والے ورلڈ کپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ پریکٹس کرتی رہیں اور اپنی صلاحیتوں پر اعتماد رکھیں۔ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ اس بات پر یقین رکھیں کہ اگر آپ نے ماضی میں کیا ہے تو آپ اب بھی کر سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنے کھیل کو جتنا ہوسکتا ہے انجوائے کریں، چیلنج کو قبول کرنا سیکھیں، کامیابی ملے گی۔ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ بچیاں ویمن کرکٹرز کو ٹی وی پر دیکھتی ہیں تو ان میں شوق بڑھتا ہے۔اس موقع پر عصر ملک نے کہا کہ ہم دونوں کو کرکٹ کا بہت شوق ہے، کوشش کریں گے کہ آپ کو ورلڈکپ کے دوران دیکھنے کے لیے آئیں۔
وقت اشاعت : 16/12/2022 - 16:12:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :