پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ بحال، پاکستان اے نے پہلے ہی میچ میں کینیا کی ٹیم کو 9وکٹوں سے شکست دیدی ،

محمد طلحہ اور رضا حسن نے 4،4، شاہ زیب احمد نے 2وکٹ حاصل کئے، سمیع اسلم کی شاندار سنچری ، محمد طلحہ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ، میچ کے دوران سٹیڈیم اور گردونواح میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ، دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا میچ کل کھیلا جائیگا

ہفتہ 13 دسمبر 2014 20:06

پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ بحال، پاکستان اے نے پہلے ہی میچ میں کینیا کی ٹیم کو 9وکٹوں سے شکست دیدی ،

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 دسمبر 2014ء) مارچ 2009ء میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے بند ہونے والے دروازے پاکستان اے اور کینیا کی ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچ سے کھل گئے اور پہلے ہی میچ میں پاکستان اے ٹیم نے مہمان ٹیم کو 9وکٹوں سے شکست دیکر پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کرلی ۔گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جار ہے میچ میں پاکستان اے کے کپتان فواد عالم نے ٹاس جیت مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تاہم پاکستان کے باؤلنگ اٹیک کے سامنے کینیا کے کھلاڑی ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور پوری ٹیم 167رنز بنا کر آٹ ہو گئی۔

کینیا کی جانب سے گردیپ سنگھ نے55 اور نیلسن اوڈہیامبو نے 44رنز اسکور کئے جبکہ پاکستان کی جانب محمد طلحہ اور رضا حسن نے 4،4اور شاہ زیب احمد نے 2وکٹ حاصل کئے۔

(جاری ہے)

کینیا کی جانب سے دیئے گئے 168رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان اے کا آغاز زیادہ متاثر کن نہ رہا اور صرف 8کے مجموعی اسکور پر شرجیل خان آؤٹ ہو گئے لیکن پھر سمیع اسلم اور فضل سبحان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور گرؤانڈ کے چاروں طرف اسٹروکس کھیل کر کینین بولرز کو تگنی کا ناچ نچا دیا۔

سمیع اسلم نے 11چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے شاندار 101اور فضل سبحان نے 56رنز بنائے اور دونوں کھلاڑی ناٹ آؤٹ رہے۔محمد طلحہٰ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ میچ کے دوران سٹیڈیم اور گردونواح میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے ۔دونوں ٹیموں کے مابین 5ون ڈے سیزیز کا دوسرا میچ کل ( پیر ) کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا ۔واضح رہے کہ 2009ء میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد کسی بھی بین الاقوامی کرکٹ ٹیم کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے ۔

وقت اشاعت : 13/12/2014 - 20:06:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :