پاکستان میں نظرانداز کئے جانے والا ایک اور کرکٹر امریکا کیلئے کھیلے گا

سعد علی کو انگلینڈ، آئرلینڈ اور نیوزی لینڈ کیخلاف سکواڈ میں شامل کیا گیا لیکن موقع ہی نہیں دیا گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 26 جنوری 2023 14:16

پاکستان میں نظرانداز کئے جانے والا ایک اور کرکٹر امریکا کیلئے کھیلے گا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 جنوری 2023ء ) فرسٹ کلاس کرکٹر سید سعد علی بہترین کارکردگی کے باوجود موقع نہ دیئے جانے پر امریکی ٹیم کا حصہ بننے جارہے ہیں۔ 29 سالہ سعد علی نے بتایا کہ وہ 2007ء سے 2021ء تک پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ کا حصہ رہے، انگلینڈ لیگ کے دوران امریکا سے کھیلنے کی پیشکش ہوئی، میں نے صرف اپنے کوچ اعظم خان سے مشورہ کیا، انہوں نے کہا تم جاؤ اور پھر میں نے پیشکش قبول کرلی۔

2019ء میں آسٹریلیا کیخلاف 2 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے بلے باز نے کہا کہ پاکستان کرکٹ چھوڑنے کا افسوس ہے ، میری روزی روٹی کرکٹ ہے، ڈیپارٹمنٹ ختم ہوچکے تھے، اس لئے مستقبل کے لئے کچھ کرنا تھا۔ سید سعد علی نے کہا کہ انہوں نے لگاتار بے قدری اور معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے امریکن کرکٹ کی پیش کش قبول کی، سب سے زیادہ افسوس اس بات کا ہے کہ مجھے نا کھلانے کی کوئی وجہ بھی نہیں بتائی گئی، نا کسی نے اس وقت روکا اور نا آج تک کسی نے پوچھا کہ کیوں گئے۔

(جاری ہے)

سعد علی نے مزید بتایا کہ پاکستان میں موقع نہیں ملا، 2024ء تک امریکا کی قومی کرکٹ ٹیم کے لئے اہل ہوجاؤں گا، اب امریکا کی قومی کرکٹ ٹیم میں کھیلوں گا۔ واضح رہے کہ سعد علی سے پہلے ٹیسٹ کرکٹر سمیع اسلم اور احسان عادل بھی امریکا جاچکے ہیں۔                                                                              
وقت اشاعت : 26/01/2023 - 14:16:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :