رویندرا جدیجا آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے بھارتی سکواڈ میں شامل

منگل 31 جنوری 2023 21:20

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جنوری2023ء) بھارت کے سٹار آل رائونڈر رویندرا جدیجا انجری سے صحتیابی کے بعد آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں واپسی کریں گے، جدیجا نے رانجی ٹرافی میں تامل ناڈو کے خلاف میچ میں شاندار پرفارمنس سے اپنی فٹنس ثابت کردی۔ جدیجا رواں ہفتے ناگپور میں بھارتی سکواڈ کو جوائن کریں گے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی بنگلور میں اپنی انجری سے صحتیابی کے لئے مصروف شریاس ایئر کو ابھی کلیئرنس سرٹیفکیٹ نہیں دیا گیا۔

رویندرا جدیجا نے سوراشٹرا کی طرف سے کھیلتے ہوئے تامل ناڈو کے خلاف فائنل گروپ سٹیج کے میچ کی دوسری اننگز میں 41.1 اوورز میں سات وکٹیں حاصل کیں۔ جدیجا گھٹنے کی سرجری کے باعث گزشتہ سال ستمبر سے کرکٹ سے دور رہے۔ جدیجا کی فٹنس کا قریب سے جائزہ لینے کیلئے بی سی سی آئی کے ایک فزیو نے ان کے ساتھ سفر کیا۔

(جاری ہے)

بھارتی آل رائونڈر نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ برمنگھم میں انگلینڈ کے خلاف جولائی2022 ء میں کھیلا تھا۔

اگست کے آخر میں ایشیا کپ میں کھیلتے ہوئے انہیں اپنے دائیں گھٹنے میں تکلیف محسوس ہوئی جس کی وجہ سے انہیں کرکٹ سے دوری اختیار کرنا پڑی۔ سرجری کے باعث انہیں آسٹریلیا میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کیلئے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا، اس کے ساتھ ساتھ انہیں دورہ بنگلہ کے دوران دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز اور سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے بھی دستبردار ہونا پڑا۔

دوسری طرف شریاس ایر فٹنس مسائل کے باعث حال ہی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے تھے، اس وقت این سی اے میں اپنی فٹنس پر کام کر رہے ہیں۔ حال ہی میں شریاس کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کمر کی تکلیف اور سوجن کم کرنے کے لئے انجکشن لگایا گیا، اگر انہیں کلیئرنس سرٹیفکیٹ مل گیا تو وہ آسٹریلیا کے خلاف مڈل آرڈر کے مضبوط امیدوار ہوں گے۔
وقت اشاعت : 31/01/2023 - 21:20:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :