بھارتیوں نے مسلسل دوسرے ٹیسٹ میں شکست کا سارا غصہ کھانے پر نکال دیا

فل ہیوز کی وفات کے بعد آسٹریلیا سے اظہار یکجہتی کرنے والی ٹیم نے آسٹریلین کھانو ں میں نقص نکال کر کھانے سے انکار کردیا ویجیٹیرین کھانا نہ بنانے پر ہندوستانی کھلاڑی اشانت شرما اور سریش رائنا نے اس کی شکایت کی، اسٹیڈیم کی حدود سے باہر جا کراپنے لیے کھانا خریدا، ان کے ساتھ آئی سی سی کے کچھ افسران اور ٹیم ڈائریکٹر روی شاستری بھی موجود تھے ہندوستانی کھلاڑیوں کے میچ کے دوران اسٹیڈیم سے باہر جانے کے حوالے سے انتظامیہ نے کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کردیا

اتوار 21 دسمبر 2014 15:22

بھارتیوں نے مسلسل دوسرے ٹیسٹ میں شکست کا سارا غصہ کھانے پر نکال دیا

برسبین( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 دسمبر 2014 ) آسٹریلوی بیٹسمین فلپ ہیوز کی وفات کے بعد آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے ساتھ دکھ اور یکجہتی کا اظہار کرنے والی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے تعلقات آسٹریلوی ٹیم سے اس وقت خراب ہوگئے جب آسٹریلیا کے شہر برسبین میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز انڈین کھلاڑی اشانت شرما نے یہ کہہ کر کھانے سے انکار کردیا کہ مینیو میں سبزیوں کی کوئی ڈش (ویجیٹیرین ڈش) نہیں ہے۔

ا ایک رپورٹ کے مطابق ہندوستانی کھلاڑی آسٹریلیا میں موجودگی کے دوران فراہم کیے جانے والے کھانے سے کچھ زیادہ خوش نظر نہیں آئے۔خاص کر اوول میں ہونے والے دو پریکٹس میچوں کے دوران ہندوستانی ٹیم کھانے سے ناخوش رہی اور اس کا اظہار متعلقہ حکام سے بھی کیا گیا، تاہم اس ناراضگی کا کھلے عام اظہار نہیں کیا گیا تھا، کیونکہ یہ وہ وقت تھا جب آسٹریلیا کی ٹیم فلپ ہیوز کی وفات کے بعد صدمے کے زیرِاثر تھی۔

(جاری ہے)

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں ہندوستانی ٹیم کی خوشی کا ٹھکانہ نہ رہا کیوں کہ وہاں انھیں جنوبی آسٹریلیا کی کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے انڈین شیف مہیا کیا گیا تھا جو میچ کے دوران ٹیم کے لیے ہندوستانی کھانے بناتا تھا۔لیکن برسبین میں صورتحال مزید خراب ہوگئی اور دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز دوپہر کے کھانے میں مناسب ویجیٹیرین کھانا نہیں بنایا گیا۔

جس کے بعد ہندوستانی کھلاڑی اشانت شرما اور سریش رائنا نے اس کی شکایت کی اور اسٹیڈیم کی حدود سے باہر جا کراپنے لیے کھانا خریدا، ان کے ساتھ آئی سی سی کے کچھ افسران اور ٹیم ڈائریکٹر روی شاستری بھی موجود تھے۔تاہم جب یہ لوگ واپس آئے توانھیں بتایا گیا کہ کھانے پینے کی اشیاء اسٹیڈیم کے اندر نہیں لے جائی جاسکتیں۔جس پر دوونوں کھلاڑیوں نے اسٹیڈیم سے باہر اپنا کھانا کھایا اور پھر ڈریسنگ روم میں واپس آئے۔ ہندوستانی کھلاڑیوں کے میچ کے دوران اسٹیڈیم سے باہر جانے کے حوالے سے انتظامیہ نے کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔۔

وقت اشاعت : 21/12/2014 - 15:22:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :