ضلع باجوڑ میں ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز کے اشتراک سے پاکستان سپورٹس فیسٹول کا باقاعدہ آغاز ہو گیا

جمعہ 3 فروری 2023 18:19

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 فروری2023ء) ضلع باجوڑ میں ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز کے اشتراک سے پاکستان سپورٹس فیسٹول کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔خیبر پختونخواہ کے ضلع باجوڑ میں پاکستان سپورٹس فیسٹول 2023 کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔پاکستان سپورٹس فیسٹول میں ضلع باجوڑ کی تمام تحصیلوں سے کرکٹ،فٹبال،والی بال،باسکٹ بال اور ایتھلیٹکس سمیت دیگر اہم کھیلوں کی 500سے زائد ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

اس سلسلہ میں ضلع باجوڑ میں افتتاحی تقریب منعقد ہوا۔افتتاحی تقریب میں سپورٹس فیسٹول میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں،آفیشلز،ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز کے عہدیداران اور بڑی تعداد میں علاقہ کے نوجوانوں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر باجوڑ فہد وزیر نے سپیشل پرسن کیساتھ ملکر سپورٹس فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب میں سپورٹس فیسٹول میں حصہ لینے والی ٹیموں نے مارچ پاسٹ کیا اور مختلف سکول کے بچوں نے ٹیبلوز پیش کئے جبکہ مقامی گلوکاروں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔اس موقع پر آئے ہوئے تماشائیوں نے ضلعی انتظامیہ اور فرنٹیئر کور نارتھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے صحت افزا فیسٹول منعقد کروانے پر وہ ان اداروں کے شکر گزار ہیں،پاکستان سپورٹس فیسٹول مشترکہ طور پر قبائلی اضلاع باجوڑ،مہمند اور خیبر میں 23 مارچ تک کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 03/02/2023 - 18:19:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :