کراچی کنگز مسلسل دوسرے سال پلے آف مرحلے تک رسائی میں ناکام

مارٹن گپٹل نے تن تنہاء کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فتح دلوا دی، سرفراز الیون کیلئے پلے آف مرحلے تک رسائی کیلئے اب بھی امید باقی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 6 مارچ 2023 22:48

کراچی کنگز مسلسل دوسرے سال پلے آف مرحلے تک رسائی میں ناکام
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 مارچ 2023ء ) پی ایس ایل 8 کے 22 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ کراچی کنگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور اننگز کی پہلی ہی گیند پر نسیم شاہ نے میتھیو ویڈ کو وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرا دیا، طیب طاہر اور قاسم اکرم بھی بالترتیب 7 اور 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

تجربہ کار مڈل آرڈر بیٹر شعیب ملک بھی 13 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ وکٹ کیپر بیٹر ایڈم روسنگٹن نے 69 رنز کی اننگز کھیلی، عماد وسیم 30 اور عامر یامین 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز اسکور کیے جبکہ کوئٹہ کی جانب سے نسیم شاہ اور ایمل خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

(جاری ہے)

185 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا آغاز بھی مایوس کن رہا اور ابتدائی 4 وکٹوں 50 رنز پر گر چکی تھیں۔

عمیر یوسف 14 کے مجموعے پر 8 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے۔ محمد نواز صرف 15 رنز جوڑے۔ تبریز شمسی نے افتخار احمد کی وکٹ 48 کے اسکور پر حاصل کی اور ان کو 4 رنز سے آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی۔ نجیب اللہ زدران صرف ایک رن بنا کر تبریز شمسی کی دوسری وکٹ بنے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اوپنر مارٹن گپٹل کے ناقابل شکست 86 رنز کی اننگز کی بدولت 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

ایونٹ میں کراچی کنگز نے اب تک 8 میچز کھیلے جس میں اسے 2 میں کامیابی ملی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 7 میچز میں صرف ایک فتح سمیٹ سکی۔ عماد وسیم کراچی کنگز کی قیادت کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ایڈم روسنگٹن، طیب طاہر، شعیب ملک، قاسم اکرم، میتھیو ویڈ، جیمز فلر، عامر یامین، موسیٰ خان، محمد عامر اور تبریز شمسی شامل ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں کپتان سرفراز احمد، مارٹن گپٹل، عمیر یوسف، افتخار احمد، نجیب اللہ زادران، محمد نواز، عمر اکمل، ڈیوئین پریٹوریئس، نسیم شاہ اور نوین الحق شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 06/03/2023 - 22:48:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :