مقابلہ سخت ہوگا ،امید ہے چین میں پاکستان کا پرچم لہرائیں گے، پاکستانی ویٹ لفٹر

سات سال قبل جیتے گئے میڈل کی پرائز منی جاری کی جائے، عثمان امجد راٹھور کی بات چیت

ہفتہ 12 اگست 2023 13:44

مقابلہ سخت ہوگا ،امید ہے چین میں پاکستان کا پرچم لہرائیں گے، پاکستانی ویٹ لفٹر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2023ء) پاکستانی ویٹ لفٹر عثمان امجد راٹھور نے کہا ہے کہ چین میں ہونے والی ایشین گیمز کیلئے بھرپور ٹریننگ کررہے ہیں، مقابلہ سخت ہوگا تاہم امید ہے کہ چین میں پاکستان کا پرچم لہراکر ایرینا میں پاکستان کا ترانہ بجائیں گے۔ایک انٹرویومیں چین کے شہر ہینگزو میں ہونے والے ایشین گیمز کے مقابلوں میں 109 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کیلئے پرعزم ایتھلیٹ عثمان راٹھور نے کہا کہ ایشین گیمز بہت بڑا ایونٹ ہے جس کیلئے وہ کافی پرجوش بھی ہیں اورسخت ٹریننگ کررہے ہیں۔

قومی ویٹ لفٹر نے کہا کہ انہیں اس بات کا اندازہ ہے کہ ایشین گیمز میں مقابلہ آسان نہیں ہوگا، روسی، ایرانی اور چینی ایتھلیٹس کافی مضبوط ہیں اورسخت مقابلہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز میں میڈل جیتنے کیلئے کافی محنت کرنا ہوگی، وہ اپنا بھرپورکوشش کریں گے کہ پاکستان کو وکٹری اسٹینڈ تک لائیں اور میڈل جیت سکیں۔انہوںنے کہاکہ وہ اپنے کلب میں 9 مختلف ٹریننگ سیشن کررہے ہیں اور پری کمپیٹیشن ٹریننگ کے پلان کو فالو کرتے ہوئے ہدف کا 80 فیصد وزن اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹریننگ میں عام طور پر 80 سے 85 فیصد ہی ویٹ اٹھایا جاتا ہے تاکہ مقابلوں کے موقع پر جسم کو 100 فیصد کیلئے تیار رکھا جا سکے۔ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ فیڈریشن اور اولمپک ایسوسی ایشن کے علاوہ ویٹ لفٹرز کی سپورٹ کیلئے کوئی آگے نہیں آتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کارپوریٹ اداروں کو چاہیے کہ وہ ویٹ لفٹرز کی سپورٹ کریں کیونکہ ریسلنگ اور ویٹ لفٹنگ وہ دو کھیل ہیں جس نے پاکستان کیلئے سب سے زیادہ میڈلز جیتے ہیں۔

عثمان امجد راٹھورنے کہا کہ پاکستان میں اگر ویٹ لفٹرز کو سپورٹ ملے اور اسپانسرز حاصل ہوں تو اور بھی بہتر نتائج دئیے جاسکتے ہیں۔گفتگو کے دوران عثمان راٹھور نے شکوہ بھی کیا کہ 2015 میں انڈیا کے شہر پونے میں کامن ویلتھ ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں سلور میڈل جیتنے کے باوجود انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے اسپورٹس پالیسی والی کوئی انعامی رقم نہیں دی گئی۔عثمان نے حکومت سے اپیل کی کہ انہیں سات سال قبل جیتے گئے میڈل کی پرائز منی جاری کی جائے۔عثمان راٹھور حال ہی میں کوئٹہ میں ہونے والے نیشنل گیمز میں 300 کلوگرام وزن اٹھا کر 109 کے جی کیٹیگری میں ویٹ لفٹنگ کا گولڈ میڈل حاصل کرچکے ہیں۔
وقت اشاعت : 12/08/2023 - 13:44:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :