شاداب کی ورلڈ کپ ٹیم میں شمولیت، انضمام الحق کا کلدیپ یادو بارے مزاحیہ تبصرہ

میرے لئے مسئلہ یہ ہے کہ میں کلدیپ یادو کو منتخب نہیں کر سکتا کیونکہ وہ کسی اور ٹیم میں ہیں : چیف سلیکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 22 ستمبر 2023 14:01

شاداب کی ورلڈ کپ ٹیم میں شمولیت، انضمام الحق کا کلدیپ یادو بارے مزاحیہ تبصرہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 ستمبر 2023ء ) چیف سلیکٹر انضمام الحق کے ریمارکس نے جمعہ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کے کانفرنس ہال سے اس وقت ہنسی پھیلا دی جب انہوں نے معصومانہ طور پر ہندوستانی سپنر کلدیپ یادیو کو "منتخب" کرنے میں اپنی نااہلی کا اظہار کیا۔ انضمام الحق سے سوال کیا گیا کہ وہ شاداب خان کی کارکردگی اور حالیہ میچوں میں خراب کارکردگی کے باوجود ورلڈ کپ 2023 کے اسکواڈ میں ان کی شمولیت کی وجوہات پر اپنے خیالات کا اظہار کریں۔

پاکستان نے اکتوبر اور نومبر میں بھارت میں ہونے والے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ حسن علی کی جگہ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو شامل کیا گیا۔ وہ ایشیا کپ 2023 کے دوران 11 ستمبر کو بھارت کے خلاف میچ میں کندھے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے اور ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

شاداب کی ٹیم میں شمولیت نے سب کو حیران کر دیا کیونکہ وہ حال ہی میں ختم ہونے والے علاقائی ایونٹ میں اپنی جگہ بنانے میں ناکام رہے تھے جبکہ ہندوستانی اسپنر کلدیپ یادیو کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔

کلدیپ یادیو نے سپر 4 تصادم میں پاکستان کے خلاف اپنی ٹیم کی جیت میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا، جہاں انہوں نے پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ یہی خدشات آج انضمام الحق کے سامنے اس وقت اٹھائے گئے جب انہوں نے سکواڈ کا اعلان کیا۔ انضمام الحق نے جواب دیا کہ "میرے لئے مسئلہ یہ ہے کہ میں کلدیپ یادو کو منتخب نہیں کر سکتا کیونکہ وہ کسی اور ٹیم میں ہیں" ، ان کے اس بیان پر سامعین میں ہنسی کے فوارے چھوٹ پڑے۔

انہوں نے کہا کہ شاداب اور محمد نواز کی شمولیت اس ٹیم میں تسلسل کا حصہ ہے جو گزشتہ کئی ماہ سے کھیل رہی ہے اور اس میں کوئی بڑی ردوبدل نہیں کی گئی۔ انضمام نے کہا کہ وہ دونوں پاکستان کے لیے ون ڈے کھیل رہے ہیں حالانکہ ان کی موجودہ کارکردگی اچھی نہیں ہے۔ انضمام نے کہا کہ ’پاکستانی ٹیم کو درمیانی اوورز میں چیلنجز کا سامنا ہے جب وہ وکٹیں نہیں لے پاتی۔

آپ ٹھیک کہتے ہیں، وہ اپنی صلاحیت کے مطابق کارکردگی نہیں دے رہے۔ لیکن ہمیں ان پر اعتماد ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے، ہمارے ساتھ اسامہ میر ہیں جن سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان 29 ستمبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف اور 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف دو وارم اپ میچز کھیلے گا ، اس کا ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ 6 اکتوبر کو ہالینڈ کے خلاف ہوگا۔
وقت اشاعت : 22/09/2023 - 14:01:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :