ورلڈ کپ، جنوبی افریقہ نے ایونٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور بنا دیا

ایڈن مارکرم نے ورلڈ کپ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری سکور کرڈالی، ڈی کاک اور وین ڈر ڈسن کی بھی سنچریاں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 7 اکتوبر 2023 17:43

ورلڈ کپ، جنوبی افریقہ نے ایونٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور بنا دیا
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 اکتوبر 2023ء ) آئی سی سی ورلڈکپ کے چوتھے میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو کامیابی کے لیے 429 رنز کا ہدف دیا ہے۔ نئی دہلی کے ارون جیٹلی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں جنوبی افریقہ کا آغاز اچھا نہ رہا، کپتان ٹمبا بووما محض 8 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تاہم کوئنٹن ڈی کاک اور راسی وین ڈیر ڈوسن نے دوسری وکٹ کیلیے 204 رنز کی شراکت قائم کی، ڈی کاک 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 100 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقا نے پہلے کھیلتے ہوئے سری لنکا کے خلاف رن کا پہاڑ کھڑا کردیا، پروٹیز نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 428 رن بنائے جوکہ ورلڈکپ کا سب سے بڑا ٹوٹل ہے۔ اس سے قبل 2015ء ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے افغانستان کے خلاف 6 وکٹ پر 417 رنز بنائے تھے۔

(جاری ہے)

میچ میں جنوبی افریقا نے نئی تاریخ بنائی، ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی بار ایک اننگز میں تین سنچریاں بنائی گئیں۔

سری لنکا کے خلاف کوئنٹن ڈی کک، رسی وین ڈرڈسن اور ایڈین مارکرم نے سنچریاں اسکور کیں۔ واضح رہے کہ کرکٹ ورلڈکپ میں اس سے قبل 18 بار اننگز میں دو سنچریاں بنائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں چوتھی مرتبہ ایک اننگ میں تین سنچریاں بنی ہیں، 3 مرتبہ یہ کارنامہ جنوبی افریقا اور ایک مرتبہ انگلینڈ نے سرانجام دیا ہے۔ سری لنکا کی جانب سے دلشان مدوشانکا نے 2، کسون رجیتھا، متھیشا پتھیرانا اور دونیتھ ویلالاگا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں سری لنکن ٹیم کے کپتان داسن شناکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ رات میں اوس پڑنے کا امکان ہے اس لیے بالنگ کرنا چاہتے ہیں، انجریز سے ٹیم متاثر ہوئی لیکن جیت کیلئے پر عزم ہیں۔ اس موقع پر جنوبی افریقی کپتان ٹمبا بووما نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے تاہم کوشش ہوگی بڑا ہدف دیکر حریف کو پریشر میں لائیں۔

سری لنکا کا اسکواڈ کپتان داسن شناکا، پاتھم نسانکا، کوشل پریرا، کوشل مینڈس، سدیرا سمارا وکرما، چارتھ اسالنکا، دھننجایا ڈی سلوا، کسن راجیتھا، دلشان مدوشنکا، متھیشا پتھیرانا اور ڈینوتھ ویلالگے پر مشتمل ہے جب کہ جنوبی افریقی سکواڈ میں کپتان ٹمبا بووما، کوئنٹن ڈی کاک، راسی وین ڈیر ڈوسن، ایڈن مارکرم، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جانسن، جیرالڈ کوٹزی، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا اور لنگی نگیڈی شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 07/10/2023 - 17:43:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :