زخمی شیر میکسویل نے ون ڈے کرکٹ کی 52 سالہ تاریخ کا ناقابل یقین اعزاز اپنے نام کرلیا

بیٹر کی ڈبل سینچری نے افغانستان سے فتح چھین لی، ممبئی میں ناقابل یقین مناظر، آسٹریلیا کے گلین میکس ویل نے ورلڈکپ کی تاریخ کی سب سے یادگار اننگ کھیل ڈالی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 7 نومبر 2023 22:14

زخمی شیر میکسویل نے ون ڈے کرکٹ کی 52 سالہ تاریخ کا ناقابل یقین اعزاز اپنے نام کرلیا
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 نومبر 2023ء ) زخمی شیر میکس ویل کی ڈبل سنچری نے افغانستان سے فتح چھین لی، ممبئی میں ناقابل یقین مناظر، آسٹریلیا کے گلین میکس ویل نے ورلڈکپ کی تاریخ کی سب سے یادگار اننگ کھیل ڈالی، ہدف کے تعاقب میں ڈبل سنچری سکور کرنے والے دنیا کے پہلے بیٹر بن گئے۔ ورلڈکپ کے 39ویں میچ میں افغانستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 292 رنز کا ہدف دیا۔

ممبئی کے وانکھڈے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں افغانستان کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، افغانستان کی پہلی وکٹ آٹھویں اوور میں 38 رنز پر گری جب رحمان اللّٰہ گرباز 21 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ابراہیم زادران اور رحمت شاہ نے محتاط لیکن اچھی بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 121 رنز تک پہنچایا جس کے بعد 24.4 اوورز میں رحمت شاہ 30 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

کپتان حشمت اللہ شاہدی 26، عظمت عمرزئی 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ محمد نبی 12 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ وکٹ کی دوسری جانب موجود ابراہیم زادران نے ذمہ دارانہ اننگز جاری رکھی اور اپنی سنچری مکمل کی۔ واضح رہے کہ یہ کسی بھی افغانی کھلاڑی کے ون ڈے فارمیٹ کے ورلڈکپ میں پہلی سنچری تھی۔ ابراہیم زادران نے 129 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ انکی اننگز میں 8 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

اننگز کے اختتامی لمحات میں راشد خان نے 18 گیندوں پر 35 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز کے ٹوٹل تک پہنچایا۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے دو جبکہ مچل سٹارک، گلین میکس ویل اور ایڈم زیمپا نے ایک ایک آؤٹ کیا۔ قبل ازیں افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے میچ میں کامیابی سمیٹ کر سیمی فائنل کھیلنے کی امیدوں کو برقرار رکھیں۔

افغان کپتان نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے فضل الحق فاروقی کی جگہ نوین الحق کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اس موقع پر آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ میچ میں کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ کنفرم کرنا چاہتا ہوں، انہوں نے کہا کہ مچل مارش اور گلین میکسویل کی پلئینگ الیون میں واپسی ہوئی ہے۔ اب تک ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں سات سات میچز کھیل چکی ہیں، آسٹریلیا نے 5 اور افغانستان نے اپنے 4 میچز جیتے ہیں۔

آسٹریلیا کا اسکواڈ کپتان پیٹ کمنز، ٹریوس ہیڈ، ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، مارنس لیبوشگن، جوش انگلس، گلین میکسویل، مارکس اسٹوئنس، مچل اسٹارک، ایڈم زمپا، جوش ہیزل ووڈ پر مشتمل ہے جب کہ افغانستان کا اسکواڈ کپتان حشمت اللہ شاہدی، رحمان اللہ گربز، ابراہیم زدران، رحمت شاہ، عظمت اللہ عمر زئی، رحمت شاہ، وکٹ کیپر اکرام علی خیل، محمد نبی، راشد خان، مجیب الرحمان، فضل الحق فاروقی پر مشتمل ہے۔
وقت اشاعت : 07/11/2023 - 22:14:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :