بابر اعظم کی ایک اور ناکامی کے بعد راشد لطیف کا ردعمل سامنے آگیا

سابق کپتان آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 27 دسمبر 2023 13:13

بابر اعظم کی ایک اور ناکامی کے بعد راشد لطیف کا ردعمل سامنے آگیا
میلبورن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 دسمبر 2023ء ) آسٹریلیا کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے دوران بابر اعظم کی ایک اور ناکامی کے بعد پاکستان کے سابق کپتان راشد لطیف نے اپنے ردعمل کا اظہار کردیا۔ سٹار بلے باز اعظم ایک بار پھر متاثر کرنے میں ناکام رہے اور میلبورن میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوران صرف ایک رن بنانے کے بعد تین وکٹیں لینے والے پیٹ کمنز کے ہاتھوں کلین آؤٹ ہوگئے۔

واضح رہے کہ بابر اعظم نے 2023 میں ٹیسٹ 50 رنز کے بغیر آٹھ اننگز کھیلی ہیں۔ انہیں دوسری اننگز میں سال کی پہلی ففٹی بنانے کا ایک آخری موقع ملے گا۔ راشد لطیف نے ایکس ، جو پہلے ٹویٹر تھا، پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’بابر اعظم کے اعتماد کی سطح ہر میچ کے ساتھ نیچے جا رہی ہے"۔
واضح رہے کہ باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے آسٹریلیا کے 318 رنز کے خلاف 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنا لیے ہیں ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر امام الحق 10 رنز بناکر پویلین لوٹے، عبداللہ شفیق اور کپتان شان مسعود نے دوسری وکٹ کیلئے 90 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم عبداللہ 62 جبکہ شان 54 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بابراعظم ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور محض ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے۔ مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل 9، سلمان علی آغا 5 رنز بناسکے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 3، نتھین لائن نے 2 جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے 187 رنز 3 وکٹوں کے نقصان پر اننگز کا آغاز کیا تاہم صرف 131 رنز کے اضافے پر کینگروز کی اننگز سمٹ گئی۔ قومی ٹیم کے فاسٹ بولرز نے پہلے سیشن میں 7 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، عامر جمال نے 3، شاہین آفریدی، میر حمزہ اور حسن علی کے 2-2 بیٹرز شکار کیے جبکہ سلمان علی آغا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی، آسٹریلوی اوپنرز کی جانب سے پہلی وکٹ کی شراکت میں 90 رنز بنائے گئے لیکن یہاں اوپنر ڈیوڈ وارنر 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اسکے بعد کینگروز کی دوسری وکٹ 108 رنز پر گری، یہاں عثمان خواجہ 42 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بارش سے کھیل متاثر ہونے سے قبل مارنس لبوشین 14 اور اسٹیون اسمتھ 2 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔

بارش کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا تو دونوں بیٹرز نے مل کر 40 رنز کا اضافہ کیا لیکن یہاں اسٹیون اسمتھ 26 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ پہلے روز کھیل کے اختتام پر مارنس لبوشین 44 اور ٹریوس ہیڈ 9 رنز پر وکٹ پر موجود تھے۔ پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر حسن علی، عامر جمال اور آغا سلمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ شاہین شاہ آفریدی اور میر حمزہ کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔
وقت اشاعت : 27/12/2023 - 13:13:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :