لاہور قلندرز کے خلاف بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے پر عزم ہوں،محمداخلاق

ہفتہ 24 فروری 2024 22:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2024ء) کراچی کنگز کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد اخلاق نے کہا ہے کہ لاہور قلندرز کے خلاف بڑے مقابلے میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لئے پر عزم ہوں۔ گزشتہ روز پریکٹس سیشن کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں پی ایس ایل نائن میں لاہور قلندرز کے خلاف بڑے مقابلے میں اسی منصوبہ بندی کے ساتھ بیٹنگ کروں گا جس طرح میں نے گزشتہ سال سیزن 8 میں قلندرز کے خلاف کھیلا تھا، قلندرز کے خلاف مثبت سوچ کے ساتھ بہترین بیٹنگ کرنے کی کوشش کروں گا۔

انہوں نےکہا کہ جب مخالف بائولر اچھی بائولنگ کر رہے ہوتے ہیں تو وہ بیٹسمین پر مختلف دبائو ڈالتے ہیں، اگر وہ اچھی بائولنگ نہیں کر پاتے ہیں تو ہم یقینی طور پر اس کا فائدہ اٹھائیں گے اور لاہور قلندرز کے ویک پوائنٹس کو اپنے پلس پوائنٹس میں تبدیل کر دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کے سب سے بڑے ٹاکرے سے ہرگز پریشان نہیں ہوں اور اپنی بنیادی باتوں پر قائم رہوں گا۔

محمد اخلاق نے اپنے جارحانہ انداز کا کھل کر اظہار کیا، جس کی جھلک پشاور زلمی کے خلاف ان کی 24 رنز کی شاندار اننگز میں دیکھی گئی جس میں تین چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ محمد اخلاق نے کہا کہ ایک اوپنر کو پہلے چھ اوورز کے پاورپلے میں جارحانہ انداز کے ساتھ بیٹنگ کرنی چاہیے اور ہماری ٹیم کا منصوبہ یہ ہے کہ ٹاپ آرڈر کو اپنےروایتی کھیل پر توجہ دینی چاہیے۔
وقت اشاعت : 24/02/2024 - 22:31:29