فتح کو ترسی لاہور قلندرز رنز کا پہاڑ کھڑا کرنے میں ناکام، اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہدف مل گیا

لاہور قلندرز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 163 رنز کا ہدف، وین ڈر ڈسن کی اپنے آخری میچ میں نصف سنچری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 6 مارچ 2024 20:52

فتح کو ترسی لاہور قلندرز رنز کا پہاڑ کھڑا کرنے میں ناکام، اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہدف مل گیا
راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ سیزن نائن کے 23 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 163 رنز کا ہدف دیا ہے۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔وین ڈرڈوسن 64 اور شاہین آفریدی 30 رنز بناکر نمایاں رہے۔

اس کے علاوہ صاحبزادہ فرحان 2، فخر زمان 10،شائے ہوپ 6، سکندر رضا 4 اور احسن حفیظ 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ڈیوڈ ویزا 24 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رومان رئیس نے 2، نسیم شاہ، حنین، عماد اور شاداب نے ایک ایک وکٹ لی۔ پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ 7 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور لاہور قلندرز ایک پوائنٹ کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔

(جاری ہے)

دونوں ٹیمیں رواں ٹورنامنٹ میں اپنے 7، 7 میچ کھیل چکی ہیں۔ لاہور قلندرز اب تک کوئی میچ نہیں جیت سکی جبکہ اسلام آباد تین میچز میں کامیاب ہوئی ہے۔ دونوں ٹیموں کا ایک، ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ لاہور قلندرز کی ٹیم فخر زمان، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر)، رسی وین ڈیر ڈوسن، شائی ہوپ، سکندر رضا، احسن حفیظ بھٹی، ڈیوڈ ویز، شاہین آفریدی (کپتان)، جہانداد خان، زمان خان، طیب عباس پر مشتمل ہے جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں شاداب خان (کپتان)، ایلکس ہیلز، کولن منرو، سلمان علی آغا، اعظم خان (وکٹ کیپر)، جورڈن کاکس، عماد وسیم، فہیم اشرف، حنین شاہ، نسیم شاہ، رومان رئیس شامل ہیں ۔
وقت اشاعت : 06/03/2024 - 20:52:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :