پولینڈ کی آئیگانتالیہ سویٹیک انڈین ویلز اوپن ٹینس ویمنز سنگلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں

بدھ 13 مارچ 2024 22:29

پولینڈ کی آئیگانتالیہ سویٹیک انڈین ویلز اوپن ٹینس ویمنز سنگلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں
کیلیفورنیا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مارچ2024ء) پولینڈ کی نامور ٹینس سٹار اور ٹاپ سیڈکھلاڑی آئیگانتالیہ سویٹیک ،ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی،روس کی اناستاسیا سرجیوینا پوٹاپووا اور یوکرین کی مارٹا کوسٹیوک انڈین ویلز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں اپنی فتوحات کو برقرار رکھتے ہوئے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں ۔ 22 سالہ پولینڈ کی ٹینس کھلاڑی نے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں حریف قزاخستان کی یولیا انٹونونا پوٹینسیو کو شکست دی ۔

انڈین ویلز کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے امریکی ریاست کیلیفورنیا میں جاری ہیں۔ بدھ کو خواتین کے سنگلز مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں پولینڈ کی نامور ٹینس سٹار اور ٹاپ سیڈکھلاڑی آئیگانتالیہ سویٹیک نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے قزاخستان کی یولیا انٹونونا پوٹینسیو کو سٹریٹ سیٹس میں 1-6 اور 2-6 سے ہر اکر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا،ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جرمنی کی حریف کھلاڑی انجلیق کربر کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 2-6 سے شکست دے کر ٹاپ ایٹ رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

(جاری ہے)

روس کی اناستاسیا سرجیوینا پوٹاپووانے ٹاپ 16 میچ میں اطالوی حریف کھلاڑی جیسمین پاولینی کو 5-7، 6-0 اور 3-6 سے مات دے کر ٹاپ ایٹ رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔ ایک اور میچ میں یوکرین کی مارٹا کوسٹیوک نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے روسی حریف کھلاڑی ا ناستاسیا پائولیچنکووا کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 1-6 سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔کوارٹر فائنل رائونڈ میں پولینڈ کی آئیگانتالیہ سویٹیک کا مقابلہ ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی سے ہوگا جبکہ دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں روس کی اناستاسیا سرجیوینا پوٹاپووا کا مقابلہ یوکرین کی مارٹا کوسٹیوک سے ہوگا
وقت اشاعت : 13/03/2024 - 22:29:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :