انگلینڈویمن نے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں نیوزی لینڈ ویمن کو 27رنز سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی

منگل 19 مارچ 2024 09:10

ڈونیڈن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2024ء) انگلینڈویمن نے پہلے ٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میچ میں نیوزی لینڈ ویمن کو 27رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔برطانوی خواتین ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں ۔

نیوزی لینڈ کی ویمن ٹیم 161 رنز ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 133رنز بناسکی۔ منگل کو یونیورسٹی اوول، ڈونیڈن میں کھیلے گئے پانچ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں میزبان خواتین ٹیم کی کپتان سوزی بیٹس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ ویمن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

کپتان ہیتھرنائٹ نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 63 رنز کی اننگز کھیلی، مایا بائوچیر ناقابل شکست 43 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بلے باز رہیں۔ نیوزی لینڈ کی جیس کر ،فران جونز اور لیہ طہہو نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں برطانوی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے باعث میزبان نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم مطلوبہ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 133 رنز بناسکی۔

نیوزی لینڈ ٹیم کی کپتان سوزی بیٹس نے 65 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ ٹیم کو فتح نہ دلاسکی۔انگلینڈ کی لارین بیل نے 2 جبکہ سارہ گلین نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ یوں انگلینڈ کی ویمن ٹیم نے میزبان نیوزی لینڈ کو 27 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ برطانوی ویمن ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
وقت اشاعت : 19/03/2024 - 09:10:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :