انڈین پریمیئر لیگ 22مارچ سے بھارت میں شروع ہوگی

جمعرات 21 مارچ 2024 21:15

انڈین پریمیئر لیگ 22مارچ سے بھارت میں شروع ہوگی
چنائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2024ء) بورڈ آف کنٹرول برائے کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی ) کے زیراہتمام انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل)2024 کا 17واں ایڈیشن 22مارچ سے بھارت کے شہرچنائی میں شروع ہوگا، جس کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن چنائی سپر کنگز اور رائل چیلنجرز بنگلورکے درمیان ایم اے چدمبرم سٹیڈیم، چنائی میں کھیلا جائے گااور فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق لیگ کے 17ویں ایڈیشن میں شامل 10 ٹیموں کے درمیان فائنل سمیت مجموعی طور پر74میچ کھیلے جائیں گے ، جو بھارت کے 12مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے جن میں احمد آباد،بنگلور ،چنائی ،نئی دہلی،وشاکاپٹنم ،گوہاٹی،حیدرآباد،جے پور،کولکتہ،لکھنئو،موہالی ، ممبئی اور ملاں پور شامل ہیں،آئی پی ایل کے 16 ایڈیشن میں گوہاٹی سٹیڈیم نے اپنا آئی پی ایل ڈیبیو کیا تھا۔

(جاری ہے)

لیگ میں چنائی سپر کنگز کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کے لئے ایکشن میں ہوگی۔ لیگ میں شامل 10 ٹیموں میں دفاعی چیمپئن چنائی سپر کنگز کے علاوہ دیگر ٹیموں میں گجرات ٹائٹنز ،ممبئی انڈینز، دہلی کیپٹلز، کولکتہ نائٹ رائیڈرز، پنجاب کنگز، راجستھان رائلز، رائل چیلنجرز بنگلور ، سن رائزرز حیدر آباد ،اور لکھنؤ سپر جائنٹس شامل ہیں۔واضح رہے کہ چنائی سپر کنگز اور ممبئی انڈینز کو سب سے زیادہ پانچ ،پانچ بار آئی پی ایل کا ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے ، کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے دو جبکہ راجستھان رائلز، سن رائزرز حیدر آباد ، دکن چارجرز اور گجرات ٹائٹنز نے ایک، ایک بار چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

آئی پی ایل کا لیگ مرحلہ بھارت کے 12 مقامات پر کھیلا جائے گا جبکہ شیڈول کے پلے آف مرحلے کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔
وقت اشاعت : 21/03/2024 - 21:15:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :