عمران ریاض خان کی تنقید، شاہد آفریدی نے انہیں ’ٹرول‘ قرار دے دیا

لائک، ری ٹویٹ ، ویوز وغیرہ کے چکر میں سچ، جھوٹ میں فرق کرنا بہت مشکل ہوگیا، ایک صحافی اور ٹرول میں یہی فرق ہوتا ہے کہ صحافی تحقیق کرتا ہے، بہتان تراشی سب سے آسان کام ہے : سابق کپتان کا ٹویٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 23 مارچ 2024 13:06

عمران ریاض خان کی تنقید، شاہد آفریدی نے انہیں ’ٹرول‘ قرار دے دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 مارچ 2024ء ) معروف صحافی عمران ریاض خان کی جانب سے تنقید پر قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی انہیں ’ٹرول‘ قرار دے دیا۔ ڈان نیوز کے مطابق صحافی عمران ریاض نے شاہد آفریدی کو موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں تنقید کا نشانہ بنایا جس پر سابق آل راؤنڈر نے بھی انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔ شاہد آفریدی نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر لکھا کہ ’’ لائک، ری ٹویٹ ، ویوز وغیرہ کے چکر میں سچ اور جھوٹ میں فرق کرنا بہت مشکل ہو گیا ہے اور ایک صحافی اور ٹرول میں یہی فرق ہوتا ہے کہ صحافی تحقیق کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بہتان تراشی تو سب سے آسان کام ہے، میں آج بھی اپنی بات پر قائم ہوں کہ عمران بھائی میرے رول ماڈل تھے جنہیں دیکھ کر میں نے کرکٹ شروع کی ورنہ میں کرکٹر نہ ہوتا، جھوٹ اور پراپیگنڈے کی وجہ سے نہ میرا موقف بدلے گا اور نہ ہی اس سے تحریک انصاف یا عمران خان کی کوئی خدمت ہو گی‘۔

(جاری ہے)

اس سے قبل صحافی ریاض خان نے اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ’شاہد آفریدی کو قوم نے آنکھوں پر بٹھایا مگر انہوں نے ملک کا مینڈیٹ چوری کرنے والوں تک کو مبارکبادیں دیں، لوگوں نے اسے برداشت کیا مگر جب اپنی مقبولیت کی دھن میں مگن شاہد آفریدی نے پاکستان کے سب سے بڑے عوامی لیڈر پر کھل کر تنقید شروع کی تو لوگوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا۔

صحافی نے اپنی ٹوئٹ میں مزید کہا تھا کہ پاکستان میں شاہد آفریدی کی طرح ان سے کمتر اور ان سے بہتر بہت سے سٹارز موجود ہیں جو آج بھی مختلف انداز میں خود کو عوام سے جوڑے ہوئے ہیں، ان سب کی اپنی اپنی سیاسی سوچ ہے، ان میں سے کسی نے بھی عوام کی دل آزاری نہیں کی لیکن شاہد آفریدی کی نظریں شاید کسی اور ٹارگٹ پر مرکوز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عہدوں کے حصول کے لیے عزت داؤ پر لگانا ایک ہیرو کو زیب نہیں دیتا، اگر بولنا ہی تھا تو شاہد آفریدی کو ظلم اور جبر کے خلاف بولنا چاہیے تھا تاکہ جن لوگوں نے ان سے پیار کیا ان کی محبتوں کا حق ادا ہوتا مگر لالہ نے ہمیشہ غلط شاٹ کھیل کر خود کو آؤٹ کروانے کی روایت برقرار رکھی، آفریدی نے ایک مرتبہ پھر غلط شاٹ سلیکشن کی‘۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اپنے ایک بیان میں شاہد آفریدی نے جعلی اکاؤنٹ اور پوسٹ بنانے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اپنی توانائیاں کسی مثبت کام میں لگائیں جو کسی اور نہیں تو کم از کم ان کے اپنے لیے تو فائدہ مند ثابت ہوں، مجھے اگر کوئی بات کرنی ہو گی یا کوئی بیان دینا ہو گا اس کے لیے میڈیا اور میرا ایکس (سابقہ ٹوئٹر) ہینڈل موجود ہے۔
وقت اشاعت : 23/03/2024 - 13:06:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :