بھارتی کرکٹرز کی شاندار فٹنس کی وجہ ویرات کوہلی ہیں،کیون پیٹرسن

ویرات نے ایک اہم چیز جو ہندوستانی کرکٹ کے لیے کی ہے وہ یہ کہ انہوں نے بھارتی کرکٹرز کو ایتھلیٹس بنادیا ہے اور وہ فٹنس کے حوالے سے صرف باتیں نہیں کرتے،سابق انگلش بلے باز

بدھ 27 مارچ 2024 14:38

بھارتی کرکٹرز کی شاندار فٹنس کی وجہ ویرات کوہلی ہیں،کیون پیٹرسن
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) انگلینڈ کے سابق کپتان کیون پیٹرسن نے کہا ہے کہ بھارتی کرکٹرز کی شاندار فٹنس کا راز ویرات کوہلی ہیں۔ایک انٹرویومیں سابق انگلش بلے باز نے کہا کہ ویرات کوہلی کی فٹنس بھارتی ٹیم کے کرکٹرز کے لیے مثال ہے جس سے وہ سبق حاصل کرسکتے ہیں۔پیٹرسن نے کوہلی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ویرات کو کرکٹ کی تاریخ میں بہترین فنشرز کے طور پر یاد رکھا جائے گا جو اننگز کو مکمل کرتے ہیں، کوہلی حالیہ دور کے بہترین فنشرز میں سے ایک ہیں۔

کیون پیٹرسن نے کہا کہ ویرات نے ایک اہم چیز جو ہندوستانی کرکٹ کے لیے کی ہے وہ یہ کہ انہوں نے بھارتی کرکٹرز کو ایتھلیٹس بنادیا ہے، اور وہ فٹنس کے حوالے سے صرف باتیں نہیں کرتے، اس پر کام بھی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

سابق انگلش کھلاڑی نے کہا کہ جب کوہلی وکٹوں کے درمیان دوڑ رہا ہوتا ہے تو اس کا عزم اور ہمت نظر آتی ہے، نظر آرہا ہوتا ہے کہ وہ اپنا سو فیصد دے رہا ہے، وہ بہترین بننا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب اسٹیڈیم کے باہر سے شروع ہوتا ہے، کرکٹر کیسی ڈائیٹ لے رہا ہے، جم میں کتنی انرجی کے ساتھ ورک آؤٹ کررہا ہے۔کیون پیٹرسن نے سابق بھارتی کپتان کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسی لیے جو کھلاڑی کوہلی کے ساتھ کھیلتے ہیں یا اسے فالو کرتے ہیں وہ اسی کی طرح بننا چاہتے ہیں اسی لیے فٹنس پر کام کرتے ہیں، تو بھارتی ٹیم میں جو تبدیلی ہے وہ کوہلی کی وجہ سے ہی ہے۔
وقت اشاعت : 27/03/2024 - 14:38:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :