سعودی عرب میں ہمیشہ محبت ملی، ریٹائرمنٹ کا کوئی اراد ہ نہیں ہے ، لیونل میسی

جمعرات 28 مارچ 2024 10:00

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) ارجنٹینا کے سٹار فٹبالر لیونل میسی نے کہا ہے کہ وہ ریٹائرمنٹ سے متعلق نہیں سوچ رہے، جب انہیں محسوس ہوا کہ اب کارکردگی دکھانے کے قابل نہیں تو فیصلہ کرنے میں دیر نہیں کرو ں گا ۔العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں اس محبت کےلیے سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو ہمیشہ سعودی عرب آنے پر مجھے ملتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نےدوبارہ سعودی عرب آنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں پرتپاک استقبال کےلیے ہمیشہ شکریہ ادا کرتا ہوں، مملکت میں ملنے والی محبت سے لطف اندوز ہوتے رہیں گے اور امید ہے شائقین بھی ہمارے میچوں سے محظوظ ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ وہ خود احتسابی کرنا جانتے ہیں، انہیں معلوم ہوتا ہے کب وہ اچھا کھیل رہے اور کب کارکردگی خراب ہوئی ہے، جب یہ محسوس ہواکہ کارکردگی دکھانے اور اپنی ٹیم کو فائدہ پہنچانے کے قابل نہیں تو ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کروں گا۔
وقت اشاعت : 28/03/2024 - 10:00:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :