شاہین آفریدی کی انسٹا گرام سٹوری نے ٹیم میں اختلافات کی تصدیق کردی

سابق کپتان کی انسٹا اسٹوری اس بات کا اشارہ دے رہی ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے درمیان ’آل از ویل‘ نہیں ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 5 اپریل 2024 10:46

شاہین آفریدی کی انسٹا گرام سٹوری نے ٹیم میں اختلافات کی تصدیق کردی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 اپریل 2024ء ) سابق کپتان شاہین شاہ آفریدی کی انسٹاگرام سٹوری نے قومی ٹیم میں اختلافات کی خبروں کی تصدیق کردی۔ رات گئے شاہین شاہ آفریدی نے فوٹو اَیپ لوڈنگ سائٹ انسٹاگرام ایک ویڈیو سٹوری شیئر کی جس کے الفاظ کچھ اس طرح تھے کہ ’’مجھے کبھی ایسی پوزیشن میں مت لانا جہاں مجھے یہ دکھانا پڑے کہ میں کتنا ظالم اور بے رحم ہو سکتا ہوں!، میرے صبر کا امتحان نہ لیں کیونکہ میں شاید سب سے مہربان اور پیارا شخص ہوں جس سے آپ کبھی ملے ہوں لیکن ایک بار جب میں اپنی حد تک پہنچ جاتا ہوں تو آپ مجھے وہ کام کرتے دیکھیں گے جو کسی نے سوچا بھی نہیں تھا‘‘۔

سابق کپتان کی انسٹا اسٹوری اس بات کا اشارہ دے رہی ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے درمیان ’آل از ویل‘ نہیں ہے، شاہین آفریدی کو محض نیوزی لینڈ کے خلاف رواں سال جنوری میں سیریز میں قیادت کا موقع دیا گیا، جہاں گرین شرٹس کو 1-4 سے شکست منہ دیکھنا پڑا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سیریز میں نوجوان اعظم خان، صائم ایویب اور صاحبزادہ فرحان کو بھی موقع دیا۔ کاکول میں جاری ٹریننگ کیمپ کے دوران انہیں ٹی ٹونٹی ٹیم کی کپتانی سے فارغ کردیا گیا جبکہ بابراعظم کو ایک مرتبہ پھر قیادت کی ذمہ داری دی گئی ، پی سی بی نے شاہین کے نام سے پریس ریلیز بھی جاری کی جس پر فاسٹ بولر نے شدید احتجاج کیا اور چیئرمین پی سی بی نے ملاقات کی۔

گزشتہ سال بھارت میں 50 اوورز ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد بابر اعظم تینوں فارمیٹ کی قیادت چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، بعدازاں بورڈ نے شان مسعود کو ٹیسٹ کپتان جبکہ شاہین کو ٹی ٹونٹی فارمیٹ کی ذمہ داری سونپ دی تھی جبکہ ون ڈے کیلئے کپتان کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا تھا۔ دوسری جانب بابراعظم کی دوبارہ واپسی نے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے قبل ٹیم میں گروپنگ کی خبروں کو ہوا دی ہے۔
وقت اشاعت : 05/04/2024 - 10:46:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :