آئی سی سی ویمنزون ڈے انٹرنیشنل رینکنگ، سری لنکا کی چماری اتاپتو نمبرون بیٹربن گئیں

منگل 23 اپریل 2024 18:52

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) آئی سی سی ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل بیٹنگ رینکنگ میں سری لنکا کی خاتون کرکٹر چماری اتاپتو نے نمبر ون پوزیشن حاصل کرلی۔ گزشتہ ہفتے پوچیفسٹروم میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں چماری نے 195 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز سے اپنی ٹیم کو نہ صرف میچ میں فتح دلوائی بلکہ انگلش آل رائونڈر نات سیور برنٹ کو رینکنگ میں پیچھے چھوڑ دیا۔

(جاری ہے)

چماری اتاپتو نے ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن کے ساتھ ساتھ ٹارگٹ کے حصول کے لئے سب سے بڑی انفرادی اننگز بھی کھیلنے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ مینز اور ویمنز ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں ٹارگٹ کے حصول کیلئے دوسری بڑی انفرادی اننگز بھی ہے۔ ون ڈے انٹرنیشنل میں آسٹریلیا کے گلین میکسویل نے ورلڈ کپ 2023ء میں افغانستان کے خلاف ٹارگٹ کے حصول کے لئے کرکٹ تاریخ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز 201 رنز ناٹ آئوٹ کھیلی تھی۔ چماری اتاپتو نے آئی سی سی پوائنٹس ٹیبل پر اپنے کیریئر کی بہترین ریٹنگ 773 بھی حاصل کر لی ہے۔
وقت اشاعت : 23/04/2024 - 18:52:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :