سلطان اذلان شاہ کپ میں شرکت کے لئے پاکستان ہاکی ٹیم کا اعلان کردیا گیا

منگل 23 اپریل 2024 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) سلطان اذلان شاہ کپ میں شرکت کے لئے پاکستان ہاکی ٹیم کا اعلان کردیا گیا، محمد عبداللہ قومی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ محمد مرتضی یعقوب نائب کپتان تعینات کئے گئے ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن سے منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی نے حتمی ٹرائلز کے بعد 20 رکنی قومی ہاکی ٹیم کا انتخاب کیا ہے۔

صدر پی ایچ ایف شہلا رضا نے سلیکشن کمیٹی کی سفارشات پر پاکستان ہاکی ٹیم کی منظوری دی ۔عبدالستار ایدھی ہاکی سٹیڈیم کراچی میں جاری قومی ہاکی تربیتی کیمپ میں پاکستان ہاکی ٹیم کے انتخاب کے لئے حتمی ٹرائلز منعقد ہوئے جس میں کیمپ میں شریک کھلاڑیوں نے حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اولمپیئن کلیم اللہ خان، ممبران سلیکشن کمیٹی اولمپیئن ناصر علی اور لئیق لاشاری انٹرنیشنل نے کھلاڑیوں کی پرفارمنس دیکھی ۔

چیئرمین سلیکشن کمیٹی اولمپین کلیم اللہ خان نے سلیکشن کمیٹی کی سفارشات کو سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف حیدر حسین کے ساتھ صدر پی ایچ ایف سیدہ شہلا رضاکو حتمی منظوری کے لئے بھجوایا جوکہ صدر پی ایچ ایف شہلا رضا نے 30ویں سلطان اذلان شاہ کپ ملائشیا میں شرکت کے لئے پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ناموں کی حتمی منظوری دے دی۔30ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ ملائشیا میں شرکت کرنے والی پاکستان ہاکی ٹیم میں گول کیپر عبداللہ اشتیاق خان، اویس رشید، ڈیفینڈرز محمد عبداللہ (کپتان)، سعد شفیق علی خان ، احتشام اسلم، محمد مرتضی یعقوب (نائب کپتان)، عمر مصطفی، ارباز ایاز، سمیع اللہ، ارشد لیاقت، عبدالرحمن، عبدالوہاب، محمد ارسلان، عبدالقیوم، بلال اکرم، محمد شاہزیب خان، سکندر علی ذاکر، تیمور جاوید خان، اویس ارشد اور عبدالواجد شامل ہیں۔

پاکستان ہاکی ٹیم کے سٹینڈ بائی کھلاڑیوں میں عبداللہ شیخ،بلال خان، عامر سہیل، محمد امجد علی، سعد ظہیر، خضر اختر اور بابر سادات شامل ہیں۔پاکستان ہاکی ٹیم کے مینجر اولمپیئن شہناز شیخ ہوں گے جبکہ کوچز پینل میں اولمپیئن ایاز محمود، اولمپیئن وسیم فیروز، اولمپین ریحان بٹ، اولمپیئن محمد ثقلین، اولمپیئن دلاورحسین، عمران بٹ انٹرنیشنل گول کیپر کوچ شامل ہیں۔

پاکستان ہاکی ٹیم 2 مئی کو پاکستان سے ملائشیا پہنچے گی جہاں 2 اور 3 مئی کو لائٹ پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی جبکہ 4 مئی کو پاکستان اپنا پہلا میچ میربان ٹیم ملائشیا کے خلاف مقامی وقت کے مطابق رات 8:30 بجے کھیلے گا، 5 مئی کو پاکستان کوریا کے خلاف مقامی وقت کے مطابق 6:15 بجے شام نبرد آزما ہوگا۔ ایک روزہ آرام کے بعد پاکستان ہاکی ٹیم 7 مئی کو جاپان کے خلاف 6:15 بجے شام کھیلے گی جبکہ 8 مئی کو پاکستان کینیڈا کے خلاف مقامی وقت کے مطابق 4:00 بجے شام کھیلے گا۔

ایک روزہ آرام کے بعد پاکستان ہاکی ٹیم 10 مئی کو نیوزی لینڈ کے خلاف اپنا پول کا آخری میچ 4:00 بجے شام کھیلے گی۔ملائشین ہاکی کنفیڈریشن نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے دیئے گئے پریکٹس شیڈول، میٹنگ سیشن بکنگ اور دیگر سفری و رہائشی انتظامات کی کنفرمیشن کردی گئی ہے۔ قومی ہاکی سکواڈ 2 مئی کو کراچی سے روانہ ہوگا۔
وقت اشاعت : 23/04/2024 - 21:40:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :